بارہ مہینے اور بارہ اہم ترین ہیش ٹیگز
2015ء کے دوران سماجی ویب سائٹس پر کافی ہلچل رہی۔ کہیں لوگوں نے دہشت گردانہ حملوں کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا تو کہیں نسلی امتیاز کی واضح انداز میں مذمت کی گئی۔ رواں سال کے دوران سوشل میڈیا ہیش ٹیگز کے مقبول ترین رجحانات۔
JesusisCharlie#
جنوری میں پیرس میں طنزیہ جریدے شارلی ایبدو پر حملے کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا ہیش ٹیگ JesusisCharlie# یعنی’میں شارلی ہوں‘ تھا۔ اس حملے میں بارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ ہیش ٹیگ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے اور آزادی اظہار کے حق میں استعمال کیا گیا۔
TheDress#
سیاہ یا نیلا ؟ سفید یا سنہری؟ یہ فروری کا سب سے بڑا سوال تھا۔ بلاگنگ پلیٹ فارم Tumblr پر کسی نے اپنے لباس کا اصل رنگ جاننے کے لیے مدد مانگی اور ساتھ ہی لباس کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی۔ اس کے بعد انٹرنیٹ پر سماجی ویب سائٹس میں ایک طرح کا بھونچال سا آ گیا اور لوگوں نے اس لباس کا اصل رنگ بتانے کی کوشش کی۔ TheDress# ہیش ٹیگ کے ساتھ بےتحاشا ٹویٹس کی گئیں لیکن لباس کا اصل رنگ پھر بھی معلوم نہ ہو سکا۔
Germanwings#
مارچ میں فضائی کمپنی جرمن ونگز کی ایک فلائٹ فرانسیسی پہاڑی سلسلے ایلپس میں گر کر تباہ ہو گئی اور اس حادثے میں ڈیڑھ سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ معاون پائلٹ آندریاز لُٹس نے طیارے کو جان بوجھ کر گرایا تھا۔ اس سانحے پر دنیا بھر کے سوشل میڈیا میں لوگوں نے Germanwings# کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بھرپور بحث کی۔
BlackLivesMatter#
سال کے چوتھے مہینے کی بات ہے، جب امریکا میں دو سیاہ فام باشندوں والٹر اسکاٹ اور فریڈی گرے کو دو مختلف واقعات میں پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ان دونوں کی ہلاکت کے بعد امریکا بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ لوگوں نے سماجی ویب سائٹس پر پولیس کی اس درندگی اور نسلی امتیاز پر کھل کر اظہار خیال کیا اور BlackLivesMatter# اہم ترین ہیش ٹیگ بن گیا، جسے نو ملین مرتبہ ٹویٹ کیا گیا۔
HomeToVote#
اس ہیش ٹیگ کا تعلق آئرلینڈ میں ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت دینے کے حوالے سے کرائے جانے والے ریفرنڈم سے ہے۔ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا ریفرنڈم تھا۔ ٹوئٹر پر ہم جنس پرستوں کے جوڑوں کی کہانیوں، تصاویر اور ایسی شادیوں کی ضرورت پر لوگوں نے HomeToVote# نامی ہیش ٹیگ استعمال کیا۔ ریفرنڈم میں ساٹھ فیصد عوام نے ہم جنس پرستوں کی آپس میں شادیوں کے حق میں ووٹ دیا۔
SelfieWithDaughter#
جون میں جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی قوم سے کہا کہ وہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کریں تو اس کے ساتھ ہیSelfieWithDaughter# نامی یہ مہم شروع ہو گئی۔ تھوڑی ہی عرصے میں یہ ہیش ٹیگ عالمی سطح پر مقبول ہو چکا تھا اور لوگوں نے اپنی بیٹیوں کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کرنا شروع کر دیں۔ اس کے علاوہ خواتین اور لڑکیوں کے لیے بہت سے تہنیتی پیغامات پوسٹ کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔
Greferendum#
یونان میں قرضوں کا بحران جولائی 2015ء کا ایک اہم موضوع تھا۔ سماجی ویب سائٹس پر عوام نے ہیش ٹیگ Greferendum# کے ساتھ اس مسئلے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یونان کے یورپی یونین سے ممکنہ اخراج کے معاملے پر #Grexit ہیش ٹیگ بھی بہت استعمال کیا گیا۔
RefugeesWelcome#
2015ء پناہ گزینوں کے حوالے سے تاریخ کا بد ترین سال ثابت ہوا۔ اس سال تقریباً بیس ملین افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ اس بحران کے دوران عوام کی ایک بڑی تعداد نے RefugeesWelcome# نامی ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے یورپی ممالک پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی تاکہ یورپی یونین مہاجرین کو خوش آمدید کہے۔ بہت سے یورپی باشندوں نے مہاجرین کے لیے امداد جمع کرنے کے لیے بھی اس ہیش ٹیگ کو استعمال کیا۔
IStandWithAhmed#
امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک چودہ سالہ طالب علم محمد احمد کو پولیس نے بم بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا، حالانکہ اس بچے نے اپنے گھر میں صرف ایک گھڑی بنائی تھی، جسے وہ اپنے اساتذہ کو دکھانے کے لیے اسکول لے گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد ہیش ٹیگ IStandWithAhmed# دنیا بھر میں ایک ٹرینڈ بن گیا تھا۔
FeesMustFall#
اکتوبر میں جنوبی افریقہ میں طلبہ فیسوں میں ہونے والے دس فیصد اضافے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ FeesMustFall# نامی یہ مظاہرے ایک ہفتے تک جاری رہے۔ اس دوران پولیس کی جانب سے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کی تصاویر بھی جاری کی جاتی رہیں۔ بعد ازاں جنوبی افریقی صدر جیکب زوما نے فیسوں میں کیے جانے والے اس اضافے کو منسوخ کر دیا۔
PrayForParis#
جنوری میں جریدے شارلی ایبدو پر حملے کے بعد نومبر میں پیرس ایک مرتبہ دہشت گردی کا نشانہ بنا۔ وسط نومبر میں دہشت گردوں نے فرانسیسی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دھماکے کرتے ہوئے ایک سو تیس افراد کو ہلاک کر دیا۔ دنیا بھر کے لوگوں نے پیرس کے شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے PrayForParis# ہیش ٹیگ استعمال کیا۔
COP#
یہ سال کے آخری مہینے کا سب سے بڑا بین الاقوامی اجلاس تھا، جو فرانس میں ہوا۔ بعض ماہرین نے تو’کلائمیٹ چینج سمٹ‘ کو سال کا سب سے اہم اجلاس قرار دیا۔ اس موقع پر پیرس منعقدہ کانفرنس میں دو سو ممالک کے نمائندے موجود تھے اور آخر کار مندوبین تحفظ ماحول کے ایک عالمی معاہدے پر متفق ہو بھی گئے۔ اس سربراہی اجلاس کے دوران COP21 کا ہیش ٹیگ ہی استعمال ہوتا رہا۔