1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتافریقہ

ایک ویزے سے پانچ افریقی ممالک کی سیر ممکن

1 جون 2024

افریقہ کے پانچ ممالک نے سیاحوں کو ایک مشترکہ ویزا فراہم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس ’یونی ویزا‘ کا مقصد خطے میں سیاحت کو فروغ دینا اور سیاحوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔

https://p.dw.com/p/4gWpb
Viktoria-Fälle in Sambia und Simbabwe
تصویر: imago/Xinhua

براعظم افریقہ کے جنوب میں واقع انگولا، بوٹسوانا، نمیبیا، زیمبیا اور زمبابوے کے حکام نے اصولی طور پر اس خصوصی ویزے کے استعمال کو وسعت دینے پر اتفاق کر لیا، جسے یونی ویزا کہا جاتا ہے۔ اس ویزے کے تحت سیاح متعدد ممالک میں داخل ہو سکتے ہیں۔ ''کاوانگو-زمبیزی یا کازا‘‘ کہلانے والے یہ پانچ ممالک افریقہ میں '' ٹرانسفرنٹیئر کنزرویشن ایریا‘‘ بناتے ہیں۔

یونی ویزا فی الحال زیمبیا اور زمبابوے میں استعمال ہوتا ہے جبکہ اس ویزے پر بوٹسوانا میں دن کے وقت سفر کرنے کی اجازت ہے۔ تاہم اب زیمبیا میں کازا سربراہان مملکت کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر علاقائی رہنماؤں نے بھی اس خصوصی ویزا پروگرام میں شامل ہونے پر اتفاق کر لیا ہے۔ وہ  اس ویزے کے دائرہ کار کو دیگر ریاستوں کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقی اقتصادی بلاک تک بڑھانا چاہتے ہیں۔

اس ’یونی ویزا‘  کا مقصد خطے میں سیاحت کو فروغ دینا اور سیاحوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے
اس ’یونی ویزا‘ کا مقصد خطے میں سیاحت کو فروغ دینا اور سیاحوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہےتصویر: A.L.

زیمبیا کے صدر ہاکائندے ہچلیما نے اپنے خطاب میں کہا، ''میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ ایسا لازمی ہو گا۔ میں شکر گزار ہوں کہ میرے ساتھی یونی ویزا پر اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں۔‘‘

بوٹسوانا کے نائب صدر سلمبر سوگوانے نے کہا کہ ان کا ملک یونی ویزا کو مکمل طور پر اپنائے گا۔

کازا کے رکن ممالک نے معدومیت کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سرگرم بین الاقوامی ادارے ''سیٹیز‘‘ پر زور دیا کہ وہ ہاتھیوں اور ہاتھی دانت کی تجارت پر سے پابندی ہٹائے۔ 184 رکنی بین الحکومتی ادارہ ''سیٹیز‘‘ جنگلی حیات کی تجارت کو منظم کرتا ہے تاکہ بعض نسلوں کو زیادہ استحصال سے بچایا جا سکے۔

کازا ریاستوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایک بلین ڈالر مالیت کے ہاتھی دانت کے ذخیرے ہیں، جن کی فروخت سے وہ جنگلی حیات کے تحفظ کے پروگراموں کو فنڈ کرنا چاہتے ہیں۔

اس ’یونی ویزا‘  کا مقصد خطے میں سیاحت کو فروغ دینا اور سیاحوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے
اس ’یونی ویزا‘ کا مقصد خطے میں سیاحت کو فروغ دینا اور سیاحوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہےتصویر: ARTUSH/Zoonar/picture alliance

ا ا / ع ت (روئٹرز)