1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو برتری

19 جنوری 2017

آسٹریلیا نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کا سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پرتھ میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

https://p.dw.com/p/2W2cx
Cricket Pakistan - Australien in Brisbane
تصویر: Getty Images/B. Kanaris

پاکستان کی جانب سے اوپنر اور کپتان محمد حفیظ اس مرتبہ دوسرے ایک روزہ میچ جیسی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف پانچ رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ شرجیل خان اور بابر اعظم نے اعتماد سے بیٹنگ کی اور اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔ شرجیل نے اپنی نصف سنچری بنائی اور پچاس رنز بنا کر ہی آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم اپنے 84 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب پاکستانی بیٹسمن رہے۔ اس دوران بابر نے اپنے ایک روزہ کیریئر میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے ہیں۔ اس طرح وہ سر ویووین رچرڈز، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، جنوبی افریقہ کے کوئٹن ڈی کاک او جانتھن ٹراٹ جیسے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

اسد شفیق اس مرتبہ بھی ناکام ہوئے اور صرف پانچ رنز بنا سکے۔ اس دورن شعیب ملک اور عمر اکمل نے مجموعی اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا اور یہ دونوں 39 ،39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح مہمان ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا سکی۔

Cricket Pakistan - Australien in Brisbane
تصویر: Getty Images/AFP/P. Hamilton

آسٹریلیا کے سب سے کامیاب بالر ہیزل وڈ تھے۔ انہوں نے بتیس رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اننگز کی ابتداء سے ہی آسٹریلوی ٹیم کی میچ پرگرفت مضبوط تھی۔ گو کہ 45 کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تاہم اس کے باوجود اسکور کو آگے بڑھانے میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

 اس موقع پر کپتان اسمتھ اور ہینڈز کومب نے بہت یہ پراعتمادی سے کھیل کو آگے بڑھایا۔ اسمتھ  108 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہینڈز کومب 228 کے مجموعی اسکور پر بیاسی رنز بنا کر اسمتھ کا ساتھ چھوڑ گئے۔ آسٹریلیا نے باآسانی 263 رنز کا ہدف 45 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر، حسن علی اور جنید خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح آسٹریلیا کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اب یہ دونوں ٹیمیں بائیس جنوری کو سڈنی میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔