1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلون مسلک ایکس صارفین پر ماہانہ فیس عائد کر سکتے ہیں

19 ستمبر 2023

ایلون مسک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے تمام صارفین پر ماہانہ فیس عائد کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ گزشتہ اکتوبر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے یہ سب سے بڑی تبدیلی ہو گی۔

https://p.dw.com/p/4WYdb
ایلون مسلک  اور ایکس کا لوگو
ایلون مسلک ایکس صارفین پر ماہانہ فیس عائد کر سکتے ہیںتصویر: Angga Budhiyanto/ZUMA Wire/IMAGO

سوشل میڈیا صارفین ایلون مسک کی اس نئی تجویز پر غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایلون مسک نے یہ بات پیر کو اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتین یاہو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ماہانہ فیس عائد کرتے ہوئے ''بوٹس افواج‘‘ کا مقابلہ کیا جا سکے گا۔  بوٹس ایسے خودکار اکاؤنٹس ہوتے ہیں، جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے چلائے جاتے ہیں اور ان کو چلانے والا کوئی فرضی شخص ہوتا ہے۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 بلین ڈالر میں خریدا تھا اور بعدازاں اس کا نام اپنی ملکیتی کمپنی 'ایکس‘ کے نام پر رکھ دیاتھا۔ اس اقدام کے بعد سے اس کی قدر میں کمی آئی ہے۔ ہزاروں ملازمین کو کمپنی سے نکال دیا گیا تھا جبکہ دائیں بازو کے ان افراد کے اکاؤنٹس بھی بحال کر دیے گئے تھے، جو  سازشی نظریات پھیلانے کے لیے مشہور ہیں۔ اس طرح بہت سے اداروں نے ایکس کو اشتہارات دینا بند کر دیے تھے۔

ایکس صارفین نے ایلون مسک کے اس منصوبے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح اس پلیٹ فارم کا ''مکمل خاتمہ‘‘ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب تجزیہ کار بھی اس نئے منصوبے پر سوالیہ نشان اٹھا رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق اس طرح یہ پلیٹ فارم اشتہار دینے والے اداروں کے لیے مزید کشش کھو دے گا۔

سوشل میڈیا ایپس
'بوٹس اکاؤنٹ‘، جو انسانوں کے بجائے کمپیوٹر پروگراموں کے ذریعے چلائے جاتے ہیں، ایکس پر عام ہیںتصویر: Jonathan Raa/NurPhoto/picture alliance

ایلون مسک نے جولائی میں کہا تھا کہ اس پلیٹ فارم کو اشتہارات کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی تقریباً پچاس فیصد تک کم ہو چکی ہے۔ قبل ازیں انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا  تھا کہ تقریباً تمام مشتہرین واپس آ چکے ہیں۔

'بوٹس اکاؤنٹ‘، جو انسانوں کے بجائے کمپیوٹر پروگراموں کے ذریعے چلائے جاتے ہیں، ایکس پر عام ہیں۔ انہیں سیاسی پیغامات یا نسلی نفرت کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے ایلون مسک سے سامیت مخالف بیانات کے حوالے سے بات چیت کی تھی اور یہ بھی کہا ہے کہ ایکس کو ''بوٹس اکاؤنٹ‘‘  روکنے کے لیے اقدامات کرنا چاہئیں۔ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ اس تناظر میں عائد کی جانے والی فیس بہت کم ہو گی لیکن اس طرح ''بوٹس اکاؤنٹ‘‘ کو چلانا بہت مہنگا ہو جائے گا۔

قبل ازیں امریکہ کی یہودی تنظیم ''اینٹی ڈیفیمیشن لیگ‘‘ نے ایلون مسک پر ''سامیت مخالفت‘‘ کا الزام عائد کیا تھا، جسے ایلون مسک نے مسترد کر دیا تھا۔ ایلون مسک ''یہود دشمنی کے بے بنیاد الزامات‘‘ لگانے پر ''اینٹی ڈیفیمیشن لیگ‘‘ پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ان الزامات نے مشتہرین کو خوفزدہ کیا اور ان کی کمپنی کی آمدنی کو نقصان پہنچایا ہے۔

ایلون مسک پر طویل عرصے سے ''سامیت مخالف بوٹس‘‘ کو فروغ دینے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے۔

ا ا / ش خ (اے ایف پی، ڈی پی اے)

کیا ایلون مسک روسی سازش کو ہوا دے رہے ہیں؟