1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران کا متنازعہ جوہری پروگرام: تاریخی معاہدہ طے پا گیا

مقبول ملک14 جولائی 2015

اعلٰی ایرانی اور مغربی سفارت کاروں کے مطابق تہران حکومت اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین طویل عرصے سے جاری مذاکرات کے نتیجے میں آج منگل کی صبح ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا۔

https://p.dw.com/p/1FyBI
Symbolbild Iran Atom Archiv 18.06.2014 Wien
تصویر: picture alliance/AP Photo

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا سے ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق اس حتمی معاہدے پر اتفاق رائے کے لیے پیر اور منگل کے درمیان نصف شب تک کا وقت مقرر تھا جبکہ فریقین کے مابین مذاکرات اس کے بعد تک بھی جاری رہے۔

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے ویانا کے علاوہ تہران اور واشنگٹن سے موصولہ رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ان مذاکرات میں شرکاء آخری رکاوٹیں عبور کرنے میں بھی کامیاب رہے۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے اپنی ابتدائی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ مذاکرات کے شرکاء جو متفقہ مصالحتی حل تلاش کرنے میں کامیاب رہے، اس کے مطابق اقوام متحدہ کے معائنہ کار ایران کے ایسے دوروں کے لیے دباؤ ڈال سکیں گے، جن کے تحت وہ اپنے مانیٹرنگ فرائض کی انجام دہی کے لیے ایرانی فوجی تنصیبات کے دورے کر سکیں۔ ایرانی حکام کے لیے تاہم یہ لازمی نہیں ہو گا کہ وہ ان معائنہ کاروں کو ایسے دوروں کی ہر قیمت پر یا فی الفور اجازت دیں۔

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اس ڈیل کے تحت ایران عالمی ادارے کے معائنہ کاروں کے ایران کے دوروں کے حق کو چیلنج کر سکے گا اور کسی بھی اختلاف رائے کی صورت میں فیصلہ ایک ایسا ثالثی بورڈ کرے گا، جس میں ایران اور اس کے ساتھ جوہری تنازعے پر مذاکرات کرنے والے چھ ملکوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

اسی دوران ایک اعلیٰ ایرانی سفارت کار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر آج منگل کی صبح خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ’’سخت محنت کا پھل مل گیا ہے اور ہم ایک معاہدے تک پہنچ گئے ہیں۔‘‘

ادھر یورپی یونین کی ترجمان کیتھرین رے نے کہا ہے کہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے وزرائے خارجہ عالمی وقت کے مطابق آج منگل کی صبح ساڑھے آٹھ بجے، جب ویانا میں صبح کے ساڑھے دس بجے ہوں گے، دوبارہ مل رہے ہیں جس کے بعد ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

تازہ ترین رپورٹوں کے مطابق ویانا میں مغربی سفارت کاروں نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر یہ بھی کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ طے تو پا گیا ہے تاہم اقوام متحدہ کی طرف سے عائدہ کردہ تہران کو ہتھیاروں کی فراہمی کے خلاف پابندیاں پانچ سال تک برقرار رہیں گی۔