1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں مساجد کھل رہی ہیں

3 مئی 2020

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پیر چار مئی سے ملک کے ایک بڑے حصے میں مساجد کو دوبارہ سے کھول دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا پر کنٹرول کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا۔

https://p.dw.com/p/3biS6
Couchsurfing im Iran
تصویر: DW/F. Schlagwein

ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہاںپور کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کووڈ انیس سے سینتالیس افراد ہلاک ہوئے ہیں اور یہ گزشتہ پچپن دنوں کے دوران اس بیماری سے ہونے والی سب سے کم ہلاکتیں ہیں۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا، ''یہ رجحان آنے والے دنوں میں بھی اسی طرح برقرار رہے گا۔‘‘

Iran Teheran Coronavirus
تصویر: picture-alliance/dpa/E. Noroozi

ان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا، جب ملکی صدر حسن روحانی نے بتایا تھا کہ 132 اضلاع میں پیر چار مئی سے مساجد کھولنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔ یہ ملکی انتظامی ڈویژن کا ایک تہائی بنتا ہے۔ صدر روحانی نے ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ سماجی دوری اجتماعی نمازوں سے زیادہ ضروری ہے،''اسلام میں سلامتی اور حفاظت فرض ہے جبکہ مساجد میں نماز پڑھنا صرف تجویز کیا گیا ہے۔‘‘

مشرق وسطی کے خطے میں ایران کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور اسی وجہ سے اس ملک میں مساجد اور اہم مزارات مارچ کے اوائل سے بند ہیں۔ اس دوران ایران میں 'وائرس ٹاسک فورس‘ بھی بنائی گئی تھی، جو سولہ مئی سے سکول دوبارہ کھولنے پر بھی غور کر رہی ہے۔ ایران میں وسط جون سے گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہو جاتی ہیں اور اس طرح بچے ایک ماہ تک سکول جا سکیں گے۔

Couchsurfing im Iran
تصویر: DW/F. Schlagwein

جہاںپوری کے بقول ملک میں اب تک 6203 افراد اس وائرس کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران میں فروری کے وسط میں پہلی مرتبہ کسی شخص میں کورونا کی نشاندہی ہوئی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ انیس کے مزید 976 مریض سامنے آئے ہیں، جس کے ساتھ ایران میں اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریبا 97,424 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ 78,420 افراد بدستور زیر علاج ہیں، جن میں سے 2690 کی حالت نازک ہے۔

ایران میں اور بیرون ملک موجود ماہرین تاہم ایران کے کووڈ انیس سے متعلق اعداد و شمار پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق متاثرین کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

اتوار کو ہی پاسداران انقلاب ایران نے 'یوم القدس‘ کے موقع پر منعقد کی جانے والی سالانہ پریڈ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا جاتا ہے۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ایران میں 1979 ء کے انقلاب کے بعد ہر سال یہ دن رمضان کے آخری جمعے کو منایا جاتا ہے۔ اس سال 'یوم القدس‘ بائیس مئی کو منایا جانا  تھا۔

ع ا /ع ح ( اے ایف پی)