1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں تباہ کن زلزلہ، امدادی کارروائیاں جاری

12 اگست 2012

ایران میں زلزلے سے متاثرہ شمال مغربی علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ہفتے کو وہاں اس قدرتی آفت کے نتیجے میں کم از کم 250 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دو ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

https://p.dw.com/p/15oFB
تصویر: MEHR

ایران کے شہر تبریز سے شمال مشرق کی جانب واقع علاقوں میں اس دوہرے زلزلے کے نیتجے میں متعدد گاؤں تباہ ہو گئے ہیں۔ ملبے تلے دبے بچ جانے والے لوگوں کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ علاقے میں ٹیلی فون نظام کے کام نہ کرنے کی وجہ سے امدادی ٹیمیں ریڈیو کمیونیکیشن پر انحصار کر رہی ہیں۔

تہران یونیورسٹی کے زلزلے سے متعلق مرکز کے مطابق دونوں زلزلوں کے درمیان گیارہ منٹ کا وقفہ تھا۔ پہلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت چھ اعشاریہ دو تھی جبکہ دوسرے کی چھ۔ پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر 53 منٹ پر آیا۔

صوبائی عہدے دار خلیل ساعی نے قبل ازیں سرکاری ٹیلی وژن سے بات چیت میں کہا: ’’بدقسمتی سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اس وقت یہ تعداد 180 ہے۔‘‘

تاہم اب انہوں نے خبر رساں ادارے ISNA سے بات چیت میں ہلاکتوں کی تعداد 250 بتائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ہزار تین سو پچاس افراد زخمی ہیں۔ خلیل ساعی نے مزید کہا: ’’ابھی تک شہروں سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے اور ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے۔‘‘

Zwei schwere Erdbeben haben am Samstag den Nordwesten des Irans erschüttert
متاثرہ علاقوں میں متعدد لوگ خوف کی وجہ سے گھروں کو نہیں لوٹ رہےتصویر: MEHR

قبل ازیں انہوں نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ خوف و ہراس کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا تھا کہ مدد ان تک پہنچ رہی ہے اور امدادی کارکن پہلے ہی وہاں موجود ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی ہلالِ احمر نے سولہ ہزار افراد کے قیام کے لیے ایک اسٹیڈیم میں انتظام کیا ہے۔ یہ لوگ یا تو بے گھر ہو گئے ہیں یا خوف کے مارے گھروں کو نہیں لوٹ رہے۔

اس تنظیم نے تین ہزار خیمے، کمبل اور خوراک بھی فراہم کی ہے۔ ایرانی صدر احمدی نژاد کے دفتر کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ امدادی کاموں کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔

آئی آر این اے نیوز ایجنسی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 66 امدادی ٹیمیں کام کر رہی ہیں، جو ملبے میں سے زندہ لوگوں کی تلاش کے لیے 40 آلات اور کتوں کے سات اسکواڈ استعمال کر رہی ہیں۔ وہاں 185 ایمبولینسیں بھی بھیجی گئی ہیں۔

زخمیوں کو قریبی بڑے شہروں تبریز اور اردبیل کے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شہر اس آفت سے محفوظ رہے ہیں۔

ng/aa (AFP)