ایران جوہری معاہدہ پیر کو ممکن نہیں، جواد ظریف
13 جولائی 2015ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ معاہدے کے قریب تر پہنچا جا چکا ہے۔ دوسری جانب ایرانی ذرائع ابلاغ اپنے وزیر خارجہ کے حوالے سے کہہ رہے ہیں کہ پیر کی رات تک مذاکراتی عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔ ایران کی فارس نیوز ایجنسی نے جواد ظریف کے حوالے سے کہا ہے کہ جب تک ضروری ہوا مذاکراتی عمل جاری رکھا جائے گا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ پیر کی آدھی رات سے قبل ڈیل تک پہنچنا ممکن ہے۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈیل کے حوالے سے سوال کیا گیا تو امریکی وزیر خارجہ جان کیری پوری طرح خاموش رہے لیکن اُن کے ایرانی ہم منصب نے کہا کہ مذاکراتی عمل میں کسی توسیع کا امکان نہیں ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ پیر کی نیم شب تک ڈیل طے نہ ہوئی تو مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہو سکتے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈیل کو مکمل کرنے میں اب تاخیر نہیں ہو گی۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری بھی ڈیل کے حوالے سے پرامید دکھائی دیتے ہیں۔ کیری مسلسل ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ ون ٹو ون ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اُدھر فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کا کہنا ہے کہ معاہدہ ممکن ہے لیکن ایک دو معاملات میں اختلافات موجود ہیں۔
ویانا میں ایرانی جوہری مذاکرات مسلسل سترہ ایام سے جاری ہیں۔ ایک ایرانی سفارت کار نے نام مخفی رکھتے ہوئے بتایا ہے کہ آج پیر کی شام ایران اور عالمی طاقتوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ممکن نہیں ہے۔ اِس قبل یہ کہا گیا تھا کہ تمام وزرائے خارجہ پیر کی شام کو ایک خصوصی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔