1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی یرغمالیوں کی رہائی، امریکی مدد پر ایران خاموش

7 جنوری 2012

ایرانی ذرائع ابلاغ نے آج ہفتے کے روز اس واقعے کے بارے میں زیادہ تر خاموشی اختیار کیے رکھی، جس میں امریکی بحریہ نے ابھی حال ہی میں قزاقوں کے زیر قبضہ تیرہ ایرانیوں کو رہا کرایا۔

https://p.dw.com/p/13fm4
تصویر: picture alliance/ZB

تہران سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ قزاقوں نے جن ایک درجن سے زائد ایرانی شہریوں کو یرغمال بنا رکھا تھا، ان کی رہائی کا واقعہ بحیرہء عرب میں پیش آیا۔ اس واقعے کا ایرانی میڈیا میں ذکر نہ ہونے کے برابر ہے حالانکہ قزاقوں کے خلاف امریکی نیوی کی اس کارروائی میں وہ طیارہ بردار بحری بیڑہ بھی شامل تھا، جس کے بارے میں تہران نے خبردار کیا تھا کہ وہ اس خطے سے دور رہے۔

NO FLASH Piraterie Symbolbild
تصویر: picture-alliance/dpa

اس واقعے کے بارے میں ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ارنا (IRNA) نے بس اتنا ہی کہا کہ ایک امریکی جنگی بحری جہاز نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے عملے نے ایسے ایرانی ماہی گیروں کو رہا کرا لیا ہے، جنہیں صومالی قزاقوں نے کئی ہفتوں سے یرغمال بنا رکھا تھا۔

Baggerschiff Pirat X
تصویر: picture-alliance/dpa

ارنا نے آج ہفتے کے روز بتایا کہ ابھی تک اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے اس واقعے کی تصدیق نہیں کی۔ امریکی فوجی ذرائع کے مطابق ایرانی شہریوں کو صومالی قزاقوں کے قبضے سے رہائی دلانے کا یہ آپریشن جمعرات کو مکمل کیا گیا۔ یہ آپریشن امریکی جنگی جہاز USS Kidd کے عملے کی طرف سے مکمل کیا گیا۔ یہ بحری جہاز ان کئی جنگی بحری جہازوں میں سے ایک ہے جو امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے USS John C. Stennis کی حفاظت کرتے ہوئے علاقے میں اس کے ساتھ سفر کر رہے ہیں۔

امریکی فوجی ذرائع نے بتایا کہ یو ایس ایس کڈ کے عملے نے ایرانی شہریوں کی مدد کا فیصلہ اس وقت کیا، جب اسے ایرانی ماہی گیروں کی کشتی کے کپتان کی طرف سے کسی نہ کسی طریقے سے کی گئی مدد کی درخواست ملی۔

Somalische Piraten Festnahme Schiff Meer
تصویر: dpa

ایرانی مسلح افواج کے سربراہان نے گزشتہ منگل کو امریکہ کو یہ تنبیہ کی تھی کہ وہ اپنے طیارہ بردار بحری بیڑے کو خلیج کے علاقے سے باہر رکھے۔ یو ایس ایس سٹینس امریکی بحریہ کی پانچویں فلیٹ کا حصہ ہے جس کا اڈہ بحرین میں ہے۔ ایرانی حکام نے کہا تھا کہ اگر یہ طیارہ بردار بحری بیڑہ خلیج کے علاقے میں داخل ہوا، تو اسے ایرانی بحریہ کی بھرپور طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام اور مغربی ملکوں کی طرف سے ایرانی تیل کی برآمد کے خلاف پابندیوں کی کوششوں کی وجہ سے امریکہ اور ایران کے درمیان اس وقت کافی کشیدگی پائی جاتی ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں