اپیل کا آئی فون چودہ بھارت میں تیار کرنے کا منصوبہ
23 اگست 2022واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تعلقات میں کشیدگی اور چین بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے آئی فون کی تیاری میں تعطل کے بعد امریکی کمپنی ایپل نے آئی فون کے نئے ماڈل کی تیاری بھارت میں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
بلوم برگ نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق اپیل آئی فون چودہ کی بھارت میں تیاری کے لیے خام مال سپلائی کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایپل کے تائیوان میں موجود سپلائر ''فاکس کون ‘‘ نے آئی فون کی تیاری میں استعمال ہونے والے سامان کی ترسیل اور جنوبی بھارت کے شہر چنئی کے باہر موجود اپنے پلانٹ سے اس فون کے نئے ماڈل کی تیاری کے عمل کا جائزہ لیا ہے۔ بلوم برگ کی اس رپورٹ کے مطابق آئی فون چودہ کے بھارت میں ابتدائی طور پر نئے ماڈل کی تیاری اکتوبر کے اواخر یا نومبر میں مکمل ہو جائے گی۔
بھارت دنیا میں سمارٹ فون کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے اور ایپل اپنے آئی پیڈ ٹیبلٹ کی تیاری بھی یہاں سے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بھارت، میکسیکو اور ویت نام امریکی برانڈز کو ٹھیکے پر مال سپلائی کرنے والے مینو فیکچررز کے لیے تیزی سے اہمیت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ یہ امریکی برانڈز چین پر انحصار کم کرنے کے لیے اپنی پیداوار میں تنوع لانا چاہتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے آئی فون کے ایک سپلائر نیکائی نے کہا تھا کہ وہ ایپل واچ اور میک بُک کی پہلی بار ویتنام میں تیاری کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔
ش ر⁄ اب ا (روئٹرز)