1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

22 دسمبر 2023

الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے عمران خان اور نواز شریف کو انتخابی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے اضافی وقت مل گیا ہے۔ ای سی پی کے مطابق آٹھ فروری 2024 کو پولنگ تک باقی کے انتخابی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

https://p.dw.com/p/4aTKT
Pakistan, Parlamentsgebäude, Parlament, Unterhaus, gebäude, außen, Islamabad
تصویر: Raja I. Bahader/Pacific Press/IMAGO

پاکستان میں الیکشن کمیشن نے  قومی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آج جمعے کے روز تک دی گئی ڈیڈ لائن میں دو دن کی توسیع کر دی ہے۔  الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے سابق وزرائے اعظم  عمران خان اورنواز شریف کو انتخابی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے اضافی وقت مل گیا ہے۔  الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان کی طرف سےجاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق، ''سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی سہولت کے لیے  کاغذات نامزدگی  جمع کرانے کی آخری تاریخ میں دو دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔‘‘ای سی پی نے کہا کہ 8 فروری 2024 کو پولنگ تک باقی کے انتخابی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

Pakistan election commission
الیکشن کمیشن کے مطابق اب اتوار چوبیس دسمبر تک کاغزات نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیںتصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

عمران خان اور نواز شریف اعلان کر چکے ہیں کہ وہ عدالتی سزاؤں کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کے باوجود اپنے  کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ دونوں اعلیٰ عدالتوں سے ریلیف کے منتظر ہیں، جو انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کی مجاز ہیں۔ عمران خان  بدعنوانی سے لے کر ریاستی راز افشا کرنے تک کے متعدد الزامات کا سامنا کرتے ہوئے بدستور جیل میں ہیں۔

جمعے کے روز علیٰ الصبح اپنے وکیل کے ذریعے دیے گئے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں کو گرفتار کرکے انہیں ہراساں کرنے کے لیے ان کے کاغذات نامزدگی چھیننے  کی"زبردستی اور وحشیانہ کوششیں" کی جارہی ہیں۔  پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ  جمعرات کی رات اس کے کچھ امیدواروں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے الزامات پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

Pakistan Islamabad | Ex-Premierminister Nawaz Sharif nach Rückkehr aus Exil
مسلم لیگ ن کے قائند نواز شریف انتخابات میں حصہ لینے کے لیے لندن سے واپس لوٹے ہیں تصویر: Pakistan Muslim League Nawaz/AFP

عمران خان نے خبردار کیا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا فقدان سیاسی عدم استحکام کا باعث بنے گا، جس کے نتیجے میں، پہلے سے ہی 350 بلین ڈالر حجم کی معیشت کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی آئی ایم ایف کے پرگرام کے لیے حمایت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات سے مشروط ہے۔ ای سی پی اتوار تک کاغذات نامزدگی قبول کرے گا، تاہم ان  انتخابات میں حصہ لینے کے اہل امیدوراروں کی حتمی فہرستیں کاغزات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور ان کے خلاف اپیلوں کے عمل کے بعد 11 جنوری کو جاری کی جائیں گی۔

ش ر⁄ ع ت (روئٹرز)

میری پارٹی کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن جاری ہے، عمران خان