1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی نیشنل میڈلز امرتیا سین اور ایل پچینو کے نام

11 فروری 2012

معرف امریکی فلم اسٹار ایل پچینو اور نوبل انعام یافتہ نامور بھارتی ماہر اقتصادیات امرتیا سین کو رواں سال امریکی صدر باراک اوباما ملک کے سب سے معتبر سول اعزاز نیشنل میڈل سے نوازیں گے۔

https://p.dw.com/p/141rI
تصویر: dapd

وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق ایل پچینو کو فن اور امرتیا سین کو انسانیت کے لیے کی گئی ان کی خدمات کے اعتراف میں نیشنل میڈلز دیے جائیں گے۔ یہ میڈلز ہر سال مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے والی شخصیات میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔ رواں سال ایل پچینو اور امرتیا سین کے علاوہ متعدد دیگر شخصیات اس اعزاز کی حقدار قرار پائیں گی۔

اطالوی نژاد امریکی اداکار، ہدایت کار و فلم ساز ایل پچنیو چار دہائیوں سے ہالی وڈ سے جڑے ہوئے ہیں۔ 25 اپریل 1940ء کو پیدا ہونے والے ایلفریڈو جیمز ایل پچینو نے 1969ء میں پہلی مرتبہ Me, Natalie نامی فلم میں ایک معاون اداکار کی حیثیت سے کام کیا۔ انہیں اصل شہرت 70ء کی دہائی میں بنائی گئی فلم ’دا گاڈ فادر‘ سے حاصل ہوئی، جس میں پچینو نے ایک اطالوی گینگسٹر مائیکل کورلیونی کا کردار نبھا کر اسے امر کر دیا۔ اس کے بعد سے ان پر ایک طرح سے ’گینگسٹر‘ کی چھاپ پڑ گئی اور وہ چور، ڈکیت اور بدمعاش کے روپ میں پردہ سیمی پر شائقین کے سامنے پیش ہوتے رہے۔

Amartya Sen
تصویر: UNI

پچینو نے پولیس انسپیکٹر اور وکیل جیسے قانون دوست کردار بھی ادا کیے مگر انہیں اصل شہرت ولن کے کرداروں سے ہی ملی اور شائقین کی بڑی تعداد انہیں اسی روپ میں پسند کرنے لگی۔ جہاں تک بھارتی ماہر اقتصادیات امرتیا سین کا تعلق ہے، تو وہ غربت کے بنیادی اسباب پر کی گئی اپنی تحقیق کے حوالے سے اقتصادیات کا نوبل انعام اپنے نام کرچکے ہیں۔ انہیں 1998ء میں نوبل انعام دیا گیا تھا اور اب انہیں انسانیت کی خدمت کے زمرے میں امریکہ کا نیشل میڈل دیا جارہا ہے۔

ریاست مغربی بنگال میں جنم لینے والے امرتیا سین نے قحط کی وجوہات، اس کے سدباب یا اس کے اثرات کو کم تر کرنے، خوراک کی حقیقی قلت یا جعلی بحران سے متعلق امور پر تحقیق کی اور عملی حل پیش کیے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے شماریے برائے انسانی ترقی United Nations Human Development Index کی تیاری میں اہم کردار نبھایا۔ ان دنوں پروفیسر امرتیا سین لندن کی ہارورڈ یونیورسٹی میں اقتصادیات اور فلسفے کے مضامین پڑھاتے ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: شامل شمس