1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں چھ سالہ بچے نے ٹیچر کو گولی مار دی

7 جنوری 2023

امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کوئی 'حادثاتی‘ فائرنگ نہیں تھی اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ہتھیار بچے کے ہاتھ کیسے لگا۔ لڑکے کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/4Lqen
USA St. Louis | Schüsse in High School
تصویر: Jeff Roberson/AP Photo/picture alliance

امریکہ میں نیوپورٹ نیوز شہر کی پولیس اور اسکول حکام کے مطابق ورجینیا ریاست کے ایک اسکول میں جمعے کے روز ایک چھ سالہ بچے نے ایک ٹیچر کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

فائرنگ کا یہ واقعہ رچنیک ایلیمنٹری اسکول کے درجہ اول کے ایک کلاس روم میں پیش آیا تاہم اس میں کوئی طالب علم زخمی نہیں ہوا۔

فائرنگ کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

پولیس چیف اسٹیو ڈریو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس فائرنگ میں ایک 30 سالہ خاتون ٹیچر بری طرح زخمی ہو گئیں۔ انہیں اتنے شدید زخم آئے ہیں جس سے جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے تاہم ہسپتال میں اب ان کی حالت میں کچھ بہتری نظر آ رہی ہے۔

ڈریو کا کہنا تھا، "ہمارے سامنے ایسی کوئی صورت حال نہیں تھی جس سے یہ کہا جا سکے کہ کوئی شخص اسکول میں فائرنگ کرنے جا رہا ہو۔"

امریکی سپریم کورٹ کا شہریوں کو اسلحہ لے کر چلنے کے حق میں فیصلہ

انہوں نے مزید کہا، "یہ کوئی حادثاتی فائرنگ نہیں تھی۔"

امریکہ میں قتل عام کی طویل خونی فہرست

فائرنگ کرنے والے لڑکے کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔ لیکن فائرنگ کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکے کے پاس کلاس روم میں ایک ہینڈگن تھی اور تفتیش کار یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ اس بچے کے ہاتھ کیسے لگی۔

فائرنگ کرنے والے لڑکے کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے
فائرنگ کرنے والے لڑکے کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہےتصویر: Shannon Hicks /Newtown Bee/dpa/picture-alliance

نیوپورٹ نیوز شہر صدمے میں

گوکہ فائرنگ کے اس واقعے سے کوئی بچہ زخمی نہیں ہوا تاہم اس واقعے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ورجینیئن پائلٹ نامی ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے اسی سکول میں پڑھنے والے ایک بچے کی والدہ جوسیلین گلوورنے کہا کہ انہیں اسکول سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ ایک شخص کو گولی مار دی گئی ہے اور دوسرا حراست میں ہے۔

انہوں نے کہا، "میرا تو دل ہی دھڑکنا بند ہو گیا، میں بہت گھبرا گئی، میں بے چین ہو گئی اور صرف یہ سوچ رہی تھی کہ وہ ایک شخص کہیں میرا بیٹا تو نہیں۔"

امریکہ: فائرنگ کے مختلف واقعات میں چھ افراد ہلاک

شہر کے اسکولوں کے نگراں جارج پارکر نے کہا، "میں صدمے میں ہوں اور دل گرفتہ ہوں۔"

انہو ں نے کہا، "آج ہمارے طلبہ کو بندوق کے تشدد کا سبق ملا۔ انہیں یہ بھی سبق ملا کہ بندوقیں کس طرح، نہ صرف تعلیمی ماحول بلکہ ایک خاندان اور ایک کمیونٹی میں بھی تباہی پھیلا سکتی ہیں۔"

ج ا/ ش ح (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)