1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ: اسکول میں فائرنگ، ایک طالب علم ہلاک متعدد زخمی

5 جنوری 2024

حکام نے بتایا کہ ایک سترہ سالہ طالب علم نے فائرنگ کرکے ایک بچے کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست آئیوا کے پیری ہائی اسکول میں پیش آنے والے واقعے کے بعد حالات قابو میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/4asRV
فائرنگ کے واقعے کے بعد طلبہ اور اساتذہ خوف زدہ ہیں
فائرنگ کے واقعے کے بعد طلبہ اور اساتذہ خوف زدہ ہیںتصویر: Cheney Orr/REUTERS

امریکی ریاست آئیوا کے حکام نے بتایا کہ جمعرات کے روز ریاست کے پیری ہائی اسکول میں ایک طالب علم کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں ایک بچہ ہلاک اور دیگر پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

پیری آئیوا کے ریاستی دارالحکومت ڈیس موئنس سے شمال مغر ب میں تقریباً 64 کلومیٹر کے فاصلے پر ڈلاس کاونٹی میں واقع ہے۔

فائرنگ کا تازہ ترین واقعہ

آئیوا کے کریمنل انویسٹی گیشن شعبے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مچ مورڈویٹ نے بتایا کہ حملہ آور ایک سترہ سالہ طالب علم تھا۔ اس نے چھٹی جماعت کے ایک طالب علم کو ہلاک کر دیا۔ جب کہ فائرنگ کے نتیجے میں چار دیگر طلبہ اور اسکول کے منتظم بھی زخمی ہوئے ہیں۔

امریکہ: اندھا دھند فائرنگ میں کم از کم 22 افراد ہلاک

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب طلبہ موسم سرما کی سالانہ اسکولی تعطیلات کے بعد پہلے دن اسکول پہنچے تھے۔ مورڈویٹ نے بتایا کہ مشتبہ شخص ایک ہینڈ گن اور ایک شاٹ گن لیے ہوئے تھا، جب کہ اسکول میں ابھی ایک جدید طرز کا دھماکہ خیز آلہ دریافت ہوا۔

 مقامی حکام نے اس دھماکہ خیز آلے کو ناکارہ بنادیا۔

اس سے قبل ایک پریس بیان میں ڈلاس کاونٹی کے شیرف ایڈم انفانٹے نے کہا تھا کہ جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس وقت اسکول کی کلاسیں شروع نہیں ہوئی تھیں اور تشدد کے دوران "اسکول کی عمارت میں بہت کم طلبہ اور اساتذہ تھے۔"

امریکہ میں چھ سالہ بچے نے ٹیچر کو گولی مار دی

آئیوا کا کریمنل انویسٹی گیشن شعبہ فائرنگ کی تحقیقات کررہا ہے جب کہ وفاقی تفتیشی بیورو ایف بی آئی کے اہلکار بھی جائے واقعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

تشدد کے واقعے پر عوامی ناراضی

امریکی ایوان نمائندگان میں پیری حلقے کی نمائندگی کرنے والے ریپبلیکن رکن زاخ نون نے کہا کہ فائرنگ کے اس واقعے سے وہ انتہائی ناراض ہیں۔

نون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شائع ایک بیان میں کہا،"میرا دل اور میری دلی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ قصورواروں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ " انہوں نے مزید کہا،"ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بچوں، ان کے گھر والوں اور اساتذہ کی حفاظت کریں۔"

امریکہ: اسکول میں فائرنگ سے تین بچے اور تین ملازم ہلاک

 آئیوا کے سنیٹر چک گراسلی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ پیری ہائی اسکول کا "خوف ناک تشدد" کا واقعہ "دل دہلا دینے  والا" ہے۔

جون 2022 میں گراسلی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ، "اسکولوں کو ہمارے بچوں کے لیے سب سے محفوظ مقام ہونا چاہئے۔ "تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آئینی عمل کی حفاظت کے حوالے سے خدشات کی وجہ سے وہ بندوق پر روک لگانے کے اقدامات کی حمایت نہیں کرسکتے۔

آئیوا کے گورنر کم رینالڈس نے کہا کہ "اس افسوس ناک سانحے سے ہمارے دل مجروح ہیں۔"

امریکی سپریم کورٹ کا شہریوں کو اسلحہ لے کر چلنے کے حق میں فیصلہ

مئی 2022 میں ٹیکساس کے راب الیمنٹری اسکول میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں 19 طلبہ اور دو اساتذہ ہلاک ہو گئے تھے
مئی 2022 میں ٹیکساس کے راب الیمنٹری اسکول میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں 19 طلبہ اور دو اساتذہ ہلاک ہو گئے تھےتصویر: Brandon Bell/Getty Images

ایک رضاکار امریکی تنظیم گن وائلنس آرکائیوز کے مطابق اس سال امریکہ میں اب تک بڑے پیمانے پرفائرنگ کے تین واقعات ہوچکے ہیں۔ آرکائیوز کے مطابق بڑے پیمانے پر فائرنگ سے مراد ایسے واقعات ہیں جن میں حملہ آور کو چھوڑ کر چار یا مزید افراد زخمی یا ہلاک ہوئے ہوں۔

امریکہ میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔ ان میں مئی 2022 میں ٹیکساس کا واقعہ شامل ہے۔ راب الیمنٹری اسکول میں ہونے والے فائرنگ کے اس واقعے میں 18سالہ حملہ آور کے حملے میں 19 طلبہ اور دو اساتذہ ہلاک ہو گئے تھے۔

ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)