1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں ایئر بس کے پہلے پیداواری یونٹ کے قیام کا اعلان

3 جولائی 2012

یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئر بس نے اپنے امریکی حریف ادارے بوئنگ کا کاروباری مقابلہ کرتے ہوئے امریکا میں اپنا پہلا پیداواری یونٹ قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/15QFV
تصویر: picture-alliance/dpa

نیو یارک سے ملنے والی رپورٹوں میں خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ خلائی سفر اور اسلحہ سازی کی صنعت کے یورپی ادارے EADS کی ذیلی کمپنی ایئر بس نے اب فیصلہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر امریکی کمپنی بوئنگ کا مقابلہ کرتے ہوئے امریکی ریاست ایلاباما میں اپنا پہلا پروڈکشن یونٹ تعمیر کرے گی۔

ایئر بس کا یہ پیداواری یونٹ اس یورپی کنسورشیم کا امریکا میں پہلا پروڈکشن یونٹ ہو گا۔ وہاں 2016ء سے کمرشل ہوائی جہاز تیار ہونا شروع ہو جائیں گے۔ یہ مسافر طیارے کئی مختلف ماڈلز کے ہوں گے تاہم ان میں سے سب سے زیادہ تعداد A320 طرز کے مسافر ہوائی جہازوں کی ہو گی جو تجارتی پروازوں کے لیے استعمال ہونے والے ایئر بس طیاروں میں سے اب تک کا سب سے کامیاب ماڈل ثابت ہوا ہے۔

AEROTEC Produktion von Teilen für den Airbus A 350
ایک ایئر بس طیارے کی اسمبلنگ کا منظرتصویر: BDLI

تکنیکی طور پر A320 طرز کا ایئر بس طیارہ Single Aisle والے ہوائی جہازوں میں شمار ہوتا ہے۔ ایسے طیارے کم فاصلے یا درمیانی فاصلے تک کی مسافر پروازوں کے لیے سب سے کامیاب ہوائی جہاز تصور کیے جاتے ہیں۔

اس بارے میں ایئر بس کے سربراہ فابریس بریژیئر (Fabrice Bregier) نے پیر کی شام نیو یارک میں کہا کہ امریکا مسافروں کے لیے نشستوں کے درمیان سنگل کوریڈور والے ہوائی جہازوں کی دنیا بھر میں سب سے بڑی منڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ایئر بس کے لیے وقت آ گیا ہے کہ وہ امریکا میں اپنی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرے اور وہاں اپنا پہلا پیداواری یونٹ قائم کرے۔

خبر ایجنسی اے پی نے لکھا ہے کہ ایئر بس کے سربراہ کے بقول، ’امریکا میں اگلے بیس برسوں میں سنگل کوریڈور والے ہوائی جہازوں کی طلب اتنی زیادہ ہو جائے گی کہ مختلف فضائی کمپنیوں کو مجموعی طور پر ایسے 4600 ہوائی جہاز درکار ہوں گے۔ اس لیے یہی وہ مناسب ترین وقت ہے کہ ایئر بس امریکا میں اپنا ایک پیداواری یونٹ قائم کرے جہاں سے چند ہی برسوں میں A320 طرز کے مسافر ہوائی جہاز تیار ہو کر نکلنا شروع ہو جائیں۔

ایئر بس کے بیانات کے مطابق امریکی ریاست ایلاباما میں اس کمپنی کے A319، A320 اور A321 طرز کے ہوائی جہازوں کی اسمبلنگ شروع کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے پرڈوکشن یونٹ کی تعمیر کا کام اگلے برس یعنی 2013 کے موسم گرما میں شروع کر دیا جائے گا۔

Der 787 Dreamliner von Boeing
بوئنگ کا تیار کردہ 787 ڈریم لائنرتصویر: AP

Fabrice Bregier کے بقول ایلاباما میں ایئر بس طیاروں کی اسمبلنگ کا آغاز ممکنہ طور پر 2015ء میں ہو سکے گا۔ اس کے بعد 2018ء تک اس یورپی طیارہ ساز ادارے کا ارادہ ہے کہ وہاں ہر سال 40 اور 50 کے درمیان نئے مسافر طیارے تیار کیے جا سکیں گے۔

ایئر بس کنسورشیم میں متعدد یورپی ملک شامل ہیں اور اس ادارے کا ہیڈ کوارٹر جنوبی فرانس کے شہر تولوز میں ہے۔ اب تک ایئر بس کے پیداواری یونٹ فرانسیسی شہر تولوز، شمالی جرمنی کے شہر ہیمبرگ اور چین کے شہر تِیان جِن میں کام کر رہے ہیں۔

اس یورپی ادارے کا سب سے بڑا حریف ادارہ امریکی کمپنی بوئنگ ہے جو ایئر بس کے برعکس اپنے ہوائی جہاز صرف امریکا ہی میں تیار کرتا ہے۔ امریکا میں بوئنگ کے پیداواری یونٹ ریاست واشنگٹن میں سیاٹل کے نواح میں اور ریاست جنوبی کیرولائنا میں چارلسٹن کے مقام پر کام کر رہے ہیں۔

ایئر بس کے مالک یورپی ادارے EADS کے سربراہ ٹوم اینڈرز نے ایک جرمن نیوز ٹیلی وژن کے ساتھ انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکا میں نیا پروڈکشن یونٹ قائم کرنے سے ایئر بس کے یورپی پیداواری یونٹوں میں موجود روزگار کے مواقع پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

mm / sks / ap, afp