1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

القاعدہ رہنماؤں کے ویڈیو پیغامات

24 اکتوبر 2010

القاعدہ کے امریکی ترجمان آدم غدان نے مغربی ممالک میں آباد مسلمانوں پر وہاں حملوں کے لئے زور دیا ہے۔ غدان کا یہ ویڈیو پیغام القاعدہ کے میڈیا وِنگ نے جاری کیا ہے جبکہ ویڈیو کا دورانیہ 48 منٹ 20 سیکنڈ ہے۔

https://p.dw.com/p/PmBt
آدم غدانتصویر: AP

امریکی مانیٹرنگ گروپ SITE کے مطابق غدان نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے، ’مغربی ممالک میں آباد میرے بھائیو، یہ جان لو کہ جہاد تمھارا بھی فرض ہے۔’

سائٹ کے مطابق غدان مسلمانوں کی ایسی کمیونٹیوں سے مخاطب ہے، جو پیرس، لندن اور ڈیٹرائے کے مضافاتی علاقوں میں آباد ہیں یا پھر وہ، جو امریکہ یا یورپی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے پہنچ رہے ہیں۔

اس نے کہا، ’تمھیں ایمان نہ رکھنے والوں کے رہنماؤں پر انہی کی سرزمین پر حملوں کا موقع حاصل ہے۔ تمھارے اور ان کے درمیان کوئی معاہدہ بھی نہیں ہے۔’

غدان نے عربوں پر بھی زور دیا ہے کہ پاکستانی شہر پشاور میں امریکی قونصل خانے اور اسلام آباد میں ڈنمارک کے سفارت خانے پر حملوں جیسے ’جرأت مندانہ’ آپریشن شروع کریں۔

یہ ویڈیو انگریزی سب ٹائٹلز کے ساتھ جاری کی گئی ہے، جس میں غدان نے کہا ہے کہ ایسے حملوں کے وقت مسلمانوں کے جان و مال کا تحفظ لازم ہے۔

Anwar al-Awlaki
انور الاولاکیتصویر: dapd

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں اپریل کے دوران امریکی قونصل خانے پر ہوئے حملے میں چھ پاکستانی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ جون 2008ء میں اسلام آباد میں ڈنمارک کے سفارت خانے پر حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں ڈنمارک کا ایک شہری بھی شامل تھا۔ اس حملے میں 27 افراد زخمی ہوئے تھے۔

غدان امریکہ میں جنوبی کیلیفورنیا کا رہائشی ہے اور 2004ء سے اب تک القاعدہ کے متعدد ویڈیو پیغامات میں سامنے آ چکا ہے۔

دوسری جانب یمنی نژاد امریکی اسلام پسند رہنما انور الاولاکی کا ویڈیو پیغام بھی ہفتہ کو انٹرنیٹ پر جاری ہوا ہے۔ یہ پیغام ایک جہادی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔

انور الاولاکی کو امریکہ نے خطرناک دہشت گرد قرار دے رکھا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ وہ یمن کے قبائلی علاقے میں روپوش ہے۔ اسے امریکہ کے خلاف دہشت گردانہ منصوبوں میں براہ راست ملوث بتایا جاتا ہے۔ رواں برس اپریل میں امریکی حکام نے کہا تھا کہ صدر باراک اوباما اولاکی کو ہدف بنا کر قتل کرنے کی منظوری دے چکے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں