اقوامِ متحدہ کا نیا سیکریٹری جنرل کون بنے گا؟
25 جولائی 2006عالمی سلامتی کونسل میں ہونے والی آزمائشی رائے شماری میں زیادہ تر یعنی پندرہ میں سے بارہ ووٹ سیول کے اِس اُمیدوار بان کی مُون کے حصے میں آئے۔ تاہم اس کا لازمی مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ جنوبی کوریائی شخصیت ہی یکم جنوری سن 2007ء سے اقوامِ متحدہ کے اِس اعلیٰ ترین عہدے پر براجمان ہو گی۔
مغربی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کوفی عنان کے عہدے کی مدت اِس سال دسمبر میں ختم ہو رہی ہے۔ ایک غیر تحریر شُدہ اصول کے تحت آئندہ سیکریٹری جنرل بننے کی باری اب ایشیا کی کسی شخصیت کی ہے۔
بھارت کے ادیب اور اقوامِ متحدہ کے پبلک افیئرز کے انڈرسیکریٹری جنرل ششی تھرُور، سری لنکا کے تخفیفِ اسلحہ کے امور کے ماہر جیانتھا دھانا پالا اور تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیرِ اعظم سراکیارت ساتھی راتھائی بھی اِس عہدے کے لئے اُمیدوار ہیں۔
جرمنی نے ابھی کسی بھی اُمیدوار کی تائید نہیں کی جبکہ امریکہ فیورٹ اُمیدواروں سے الگ ایک اور ہی اُمیدوار یعنی اقوامِ متحدہ میں اُردن کے سفیر پرنس زَید الحسین کے بارے میں غور کر رہا ہے۔