1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان باکسر نے ’فائٹ فار پيس‘ مقابلہ جيت ليا

31 اکتوبر 2012

يورپی ملک جرمنی ميں رہائش پزير افغان باکسر حامد رحيمی نے کابل ميں منعقدہ پہلا بين الاقوامی پروفيشنل باکسنگ مقابلہ جيت ليا ہے۔

https://p.dw.com/p/16a0o
تصویر: REUTERS

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل ميں منگل کے روز منعقد ہونے والے اس مقابلے ميں حامد رحيمی نے افريقی ملک تنزانيہ سے تعلق رکھنے والے باکسر سيد امبيلوا کو ساتويں راؤنڈ ميں ٹيکنيکل ناک آؤٹ کر ديا۔ رحيمی کے زور دار مکوں کی وجہ سے مقابلے کے ساتويں راؤنڈ يا مرحلے کے دوران امبيلوا کے کندھے ميں چوٹ آئی جس کے بعد وہ کھيل جاری نہ رکھ سکے۔ نتيجتاً افغان باکسر نے ورلڈ باکسنگ آرگنائزيشن کا انٹر کانٹينينٹل چيمپئن شپ ٹائٹل جيت ليا۔

نيوز ايجنسی ڈی پی اے کے مطابق کابل ميں اس بين الاقوامی ميچ کو ديکھنے کے ليے تين ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ ميچ جس جگہ پر منعقد ہوا وہاں سکيورٹی کے سخت انتظامات کيے گئے تھے۔ اس کے علاوہ يہ ميچ ٹيلی وژن پر براہ راست نشر بھی کيا گيا اور لاکھوں افراد نے اپنے اپنے گھروں سے ميچ کو ديکھا۔

مقابلے کے اختتام پر اپنی فتح کے بارے ميں بات کرتے ہوئے حامد رحيمی نے کہا کہ ’افغانستان‘ اس ٹائٹل کا حقدار ہے۔ لوگوں کے پر جوش استقبال کے دوران اپنی بيلٹ بلند کرتے ہوئے رحيمی نے کہا، ’يہ اعزاز افغانستان کے ليے ہے، ميرے ليے نہيں‘۔

واضح رہے کہ حامد رحيمی گزشتہ بيس برس سے جرمنی ميں رہائش پزير ہيں۔

خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق بدھ کے روز جاری کردہ ايک بيان ميں افغان صدر حامد کرزئی نے حامد رحيمی کے اس فتح کو سراہتے ہوئے رحيمی اور افغان عوام کو مبارک باد پيش کی۔

'فائٹ فار پيس‘ نامی يہ مقابلہ کھيلوں کی دنيا ميں افغانستان کی ايک اور کاميابی کی صورت ميں سامنے آيا ہے۔ اس سے قبل افغان فٹبال ليگ بھی سرخيوں ميں رہ چکی ہے۔

as / ai (dpa)