1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'افغانستان خطرناک ملک ہے، مہاجرین کو واپس نہ بھیجا جائے‘

صائمہ حیدر ٹیری شلز
11 اکتوبر 2018

افغانستان میں شہریوں کے لیے پُر تشدد حالات میں اضافے کے تناظر میں انسانی حقوق کے لیے سر گرم کارکنان نے یورپی یونین کی ریاستوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کو اُن کے آبائی وطن واپس بھیجنا بند کریں۔

https://p.dw.com/p/36L6H
Europaparlament in Brüssel | Samira Hamidi, Amnesty International
تصویر: DW/T. Schultz

انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کے مطابق افغانستان میں جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں شہریوں کو بہت پُر تشدد حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس حوالے سے شہریوں کی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تاہم اس کے باوجود یورپی یونین کی  بعض ریاستیں افغان مہاجرین کی ڈی پورٹیشن جاری رکھنے کے معاملے میں پُر جوش نظر آتی ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل سے وابستہ سمیرا حمیدی بخوبی جانتی ہیں کہ افغانستان میں رہنے والے شہری کن صعوبتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ حمیدی نے چند ماہ قبل ہی اس تنظیم میں ملازمت کی ہے۔ اس سے قبل ساری زندگی انہوں نے ملک میں خواتین کے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے گزار دی۔ سمیرا کا کہنا تھا،’’ کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ آپ جو گھر صبح سلامت چھوڑ کے جائیں گے وہ واپسی پر آپ کو پورا ملے گا بھی یا نہیں۔‘‘

سمیرا حمیدی کے ان خدشات کی تصدیق افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے معاون مشن ’یوناما‘ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار نے بھی کر دی ہے۔ یوناما کے مطابق امسال اب تک بم حملوں اور پُر تشدد واقعات میں کم و بیش اتنے ہی شہری ہلاک ہو چکے ہیں جتنے سن 2017 میں ہوئے تھے۔

Köln Protest Abschiebung nach Afghanistan
تصویر: DW/R.Shirmohammadi

حمیدی ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے اُس مہم کی قیادت  بھی کر رہی ہیں جس میں یورپی ممالک سے افغان مہاجرین کی ڈی پورٹیشن معطل کرنے کو کہا گیا ہے۔

حمیدی نے ایک مظاہرے کے دوران ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے کہا،’’ افغانستان میں شورش بڑھتی جا رہی ہے۔ کم سن بچوں، لڑکوں اور لڑکیوں کو واپس ایسے ملک میں بھیجنا، جو وہاں پیدا بھی نہیں ہوئے اور نہ ہی اس ملک کو جانتے ہیں،  اور ایسے افراد کو بھی واپس بھیجنا جو بہت دشوار گزار سفر کے بعد بہتر زندگی کی تلاش میں یورپ پہنچے، بے حد نا انصافی ہے۔‘‘

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ناروے، جرمنی، سویڈن اور ہالینڈ سے واپس افغانستان بھیجے جانے والے مہاجرین کے کیسز کو دستاویز کیا ہے۔ ان میں سے بعض ایسے بھی تھے جو واپس لوٹنے پر ہلاک ہو گئے۔ اور جو زندہ ہیں وہ سب بھی ایک مستقل خوف میں زندگی گزار رہے ہیں۔

 'دی یورپین کونسل آن ریفیوجیز اینڈ ایگزائلز‘ نامی تنظیم نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے جس کی رُو سے افغان مہاجرین کی ملک بدریوں کے معاملے میں سب سے زیادہ سختی کا مظاہرہ کرنے والا ملک ناروے ہے۔

ص ح / ع ا