اطالوی جیولری کمپنی بلگاری فرانسیسی ملکیت میں
7 مارچ 2011اس بات کا اعلان آج پیر کو پیرس اور روم میں ان دونوں اداروں کی طرف سے بیک وقت کیا گیا۔ بین الاقوامی سطح پر فیشن کی دنیا کے تقریباﹰ سبھی شعبوں پر چھائے ہوئے اور اپنی برانڈ پروڈکٹس کے لیے مشہور فرانسیسی گروپ ’موئے ہینیسی لوئی ویتوں‘ یا LVMH نے بلگاری کے اکثریتی شیئرز کو اس ادارے کے ساتھ اپنے حصص کے باہمی تبادلے کی صورت میں خریدا ہے۔
پیرس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ویک اینڈ پر طے پانے والے اس معاہدے کی صورت میں ایل وی ایم ایچ نے بلگاری کے نصف سے زیادہ شیئرز کی خریداری کے لیے 3.7 بلین یورو یا 5.2 بلین امریکی ڈالر ادا کیے۔
فیشن مصنوعات کی بین الاقومی مارکیٹ میں بہت ہی کم نظرآنے والے اربوں مالیت کے اس سودے کے بارے میں بلگاری کے سربراہ فرانچیسکو تراپانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ادارہ لوئی ویتوں گروپ کا حصہ بننے کے بعد عالمی سطح پر اپنے کاروباری ترقی کے اہداف کو زیادہ آسانی سے حاصل کر سکے گا۔
اس اعلان کے بعد پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر یورپی سٹاک مارکیٹوں میں بلگاری کے شیئرز کی قیمتوں میں 61 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کمپنی کے ایک شیئر کی قیمت 12.24 یورو تک پہنچ گئی۔
فرانس کا فیشن اور لگژری مصنوعات کے لیے مشہور گروپ LVMH بہت پر تعیش ڈیزائنر پروڈکٹس بنانے والی کئی کمپنیوں کا مالک ہے۔
اس گروپ کے مشہور ترین ذیلی اداروں میں Moet & Chandon نامی بہت مہنگی شیمپین تیار کرنے والی کمپنی بھی شامل ہے اور Louis Vuitton کے علاوہ Kenzo اور Christian Dior جیسی کمپنیاں بھی۔
ان اور ان جیسی دیگر کمپنیوں کی تیار کردہ مصنوعات کو دنیا بھر کے باحیثیت صارفین ہاتھوں ہاتھ خریدتے ہیں اور اب اس فہرست میں ڈیزائنر جیولری تیار کرنے والی اطالوی کمپنی Bulgari بھی شامل ہو گئی ہے۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عصمت جبیں