ادب و فن: 2013ء کا سالانہ جائزہ
26 دسمبر 20132013ء کے آغاز میں ہی 19 جنوری کو پاکستان کی مشہور گلوکارہ مہناز طویل علالت کے بعد پچپن برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ وہ علاج کی غرض سے امریکا کے سفر پر جاتے ہوئے خلیجی عرب ریاست بحرین میں رُکی تھیں اور وہیں اُن کا انتقال ہو گیا۔
مہناز موسیقی کی مختلف اصناف مثلاً غزل، ٹھمری، درپد اور دادرا پر مہارت رکھتی تھیں اور پاکستانی فلمی صنعت کے صف اول کے پلے بیک سنگرز میں شمار ہوتی تھیں۔ مہناز بر صغیر کی معروف گلوکارہ اور نوحہ خواں کجّن بیگم کی صاحبزادی تھیں۔ والدہ کی طرح مہناز نے بھی نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی میں شہرت پائی اور ساتھ ساتھ مسیحی گیت بھی گاتے ہوئے پاکستان میں بین المذہبی بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا۔
رُو بہ زوال پاکستانی فلمی صنعت کے باعث وہ ایک عرصے سے موسیقی کے منظر سے غائب تھیں، پھر بھی انہوں نے اپنے کیریئر میں ریڈیو، فلم اور ٹیلی وژن کے لیے ڈھائی ہزار سے زائد گانے گائے۔
اِس سال 9 مارچ کو پاکستانی پنجابی فلموں میں جلوہ گر ہونے والی ماضی کی معروف اداکارہ آسیہ 65 برس کی عمر میں وفات پا گئیں۔ فلمی حلقوں میں ’پری چہرہ‘ کہلانے والی اس اداکارہ کا انتقال کینیڈا میں ہوا۔ اُن کی پیدائش 1951ء میں بھارتی پنجاب میں ہوئی۔ ’مولا جٹ‘ سمیت تقریباً 180 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد گزشتہ بیس برسوں سے وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ کینیڈا میں رہائش پذیر چلی آ رہی تھیں۔
اس سال تین نومبر کو اپنے پرستاروں اور مداحوں کو لمبی جدائی دے کر رخصت ہو گئیں، پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ لوک گلوکارہ ریشماں۔ اُن کی عمر چھیاسٹھ برس تھی۔ وہ ایک طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا چلی آ رہی تھیں۔ انیس سو سینتالیس ميں راجستھان کے علاقے بیکانیر میں ایک خانہ بدوش خاندان میں پیدا ہونے والی ریشماں بچپن ہی سے سندھ کے مزاروں پر صوفیانہ کلام پیش کرتی رہیں اور وہیں شہباز قلندر کے مزار پر اُنہیں ریڈیو پاکستان کے ایک پروڈیوسر سلیم گیلانی نے دریافت کیا اور انہیں ریڈیو پر گانے کا موقع دیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ریشماں پاکستان کی مقبول ترین فوک سنگر بن گئيں۔
اس سال چوبیس اکتوبر کو بھارت کے لیجنڈ گلوکار منا ڈے بھی بنگلور میں 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ 1919ء میں مغربی بنگال کے شہر کلکتہ میں پیدا ہونے والے منا ڈے نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1942ء میں کیا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران مجموعی طور پر تقریباً چار ہزار گیت گائے۔
چند سال پہلے ڈوئچے ویلے کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں پرانے اور موجودہ دور کی موسیقی کے موازنے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے منا ڈے نے بتایا تھا:’’وقت بدل رہا ہے اور اُسی اعتبار سے ہماری موسیقی بھی بدل رہی ہے۔ ایک بار میں نے ایک گیت گایا تھا، جس کا ٹائیٹل تھا کہ ’سمے بڑا بَلوان ہوتا ہے‘۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ واقعی حقیقت ہے۔ وقت واقعی بہت طاقتور ہوتا ہے۔ ہم وقت کے ساتھ ساتھ چل کر ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔‘‘
اس سال اُنیس اکتوبر کو پاکستان کی فلم انڈسٹری کو بڑی تعداد میں یاد گار اورشاہکارگیت عطا کرنے والی معروف پاکستانی گلوکارہ زبیدہ خانم 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں اور شائقین موسیقی کی اُن کئی نسلوں کو سوگوار کر گئیں، جو اُن کے گیتوں سے محظوظ ہوتی رہی ہیں۔ انیس سو اکیاون میں فلم "بلو"سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والی زبیدہ خانم نے ایک سو سینتالیس فلموں کے لیے دو سو چوالیس نغمے گائے۔
اس سال بھارت میں ماضی کے عظیم ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کی زندگی پر مبنی فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ سینماؤں کی زینت بنی۔ اس کا ٹائیٹل گیت پاکستان کے معروف فوک گلوکار عارف لوہار نے گایا۔ بعد ازاں ڈوئچے ویلے کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں عارف لوہار کا کہنا تھا کہ ’اس انداز میں گیت گانا اُن کے لیے ایک چیلنج تھا، جسے اُنہوں نے قبول کیا اور اُنہیں خوشی ہے کہ وہ اس امتحان میں پورا اترے‘۔
پچاس سال سے زائد عرصے کے بعد اس سال پہلی مرتبہ پاکستان نے اپنی ایک فلم ’زندہ بھاگ‘ کو بہترین غیر ملکی فلم کے آسکر ایوارڈ کے لیے روانہ کیا۔ یہ فلم اس شعبے میں شارٹ لسٹ کی جانے والی نو فلموں میں تو جگہ نہیں پا سکی ہے تاہم اس نے اور اس کے ساتھ ساتھ ریلیز ہونے والی دیگر کئی پاکستانی فلموں نے پاکستانی فلمی صنعت کے احیاء کے امکانات پھر سے روشن کر دیے۔ اس فلم میں نامور بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ بھی جلوہ گر ہوئے۔
فلم ’زندہ بھاگ‘ کے پروڈیوسر مظہر عباس زیدی نے اس فلم کے حوالے سے ڈوئچے ویلے اردو کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس میں بہت سے نوجوان فنکاروں کو موقع دیا گیا، جنہوں نے بڑی محنت سے اپنے کرداروں میں رنگ بھرا۔
گزشتہ سال 9 اکتوبر کو طالبان نے پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعے کو ایک سال پورا ہونے کے موقع پر نہ صرف ملالہ کی آپ بیتی منظر عام پر آئی بلکہ کینیڈا میں ملالہ، اے گرل فرام پیراڈائز‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم بھی ریلیز کی گئی۔ اس فلم کے ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور مصنف محسن عباس نے ڈوئچے ویلے اردو کے ساتھ ایک گفتگو میں چین اور دوسرے ممالک میں اپنے سفر کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا:’’وہاں جب لوگوں سے تعارف ہوتا اور میں انہیں بتاتا کہ میرا تعلق پاکستان سے ہے تو بہت سی جگہوں پر یہ سننے کو ملا کہ اچھا ملالہ یوسف زئی کے ملک سے۔ یہ سن کر ہمیشہ اچھا لگا۔‘‘
’سونا چاندی‘ کے نام سے مشہور پاکستانی ٹی وی سیریل کے مصنف اور معروف صحافی منو بھائی اس سال فروری میں اَسی برس کے ہو گئے۔ صحافت اور ادب کے ساتھ وابستگی کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا:’’اِس کی وضاحت آسان زبان میں اس طرح سے کی جا سکتی ہے کہ جو چیز دکھائی دے رہی ہے، وہ تو جرنلزم ہے۔ جو حقائق کے پیچھے کچھ حقائق ہوتے ہیں، اُن تک پہنچنا ادب کا کام ہوتا ہے۔ اُس کے پیچھے جو وجوہات ہوتی ہیں، اُن تک پہنچنا حکمت کی بات ہوتی ہے۔ یہ درجے ہیں: صحافت، ادب اور حکمت لیکن ہے تو شعبہ ایک ہی، ابلاغ کا۔‘‘
عالمی ادب کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں 2013ء کا نوبل ادب انعام کینیڈا کی بیاسی سالہ معروف مصنفہ ایلِس مُنرو کو دیا گیا۔ سویڈش اکیڈمی کی جیوری کا کہنا تھا کہ اس انعام کے ذریعے مُنرو کے فن کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، جو چند صفحات پر بے شمار احساسات تحریر کر دیتی ہیں۔ اب تک مُنرو کا ایک ناول اور مختصر کہانیوں کے 13 مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔
اس سال نوبل انعام یافتہ برطانوی ادیبہ ڈورِس لیسنگ بھی 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ 2007ء میں اٹھاسی سال کی عمر میں ادب کا نوبل انعام حاصل کرنے والی وہ سب سے زیادہ عمر رسیدہ ادیبہ تھیں۔ ڈورِس لیسنگ نے مختصر کہانیوں کے مجموعوں کے ساتھ ساتھ 55 ناول بھی لکھے۔ چند برس پہلے ڈوئچے ویلے کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں اُنہوں نے کہا تھا:’’میں سمجھتی ہوں کہ ہماری پوری تہذیب بہت ہی سطحی قسم کی ہے اور بڑی آسانی سے ختم ہو سکتی ہے کیونکہ پیچیدہ سے پیچیدہ ٹیکنالوجیز پر اس کا انحصار بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ میرے خیال میں ان سب سے محروم ہو جانے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔‘‘