اداکار جانی ڈیپ کی اپنی سابقہ اہلیہ کے خلاف عدالتی جیت
2 جون 2022امریکہ میں یکم جون بدھ کے روز ایک جیوری نے ادارکارہ ایمبر ہرڈ کو اپنے سابق شوہر جانی ڈیپ کو بدنام کرنے کا قصوروار قرار دیا اور اس کے لیے جج نے انہیں ایک کروڑ ساڑھے تین لاکھ امریکی ڈالر کی رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ جیوری نے اصل میں ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی سفارش کی تھی۔
جانی ڈیپ کے کیس کے رد عمل میں ایمبر ہرڈ نے بھی عدالت میں ایک کیس دائر کیا تھا اور عدالت نے اس جوابی مقدمے کے بعض پہلوؤں کو ایمبر ہرڈ کے حق میں بھی پایا۔ خاص طور پر اس پہلو کو کہ جانی ڈیپ نے اپنے وکیل کے ذریعے انہیں بدنام کیا اور اس کے لیے انہیں بیس لاکھ ڈالر کے معاوضے سے نوازا۔
جب فیصلہ سنایا گیا تو اس وقت معروف اداکار جانی ڈیپ عدالت میں موجود نہیں تھے اور اپنے پہلے رد عمل میں کہا، ''جیوری نے مجھے میری زندگی واپس کر دی ہے۔ میں واقعی بہت انکساری محسوس کر رہا ہوں۔''
تاہم ہرڈ نے کہا کہ وہ اس فیصلے سے دل شکستہ ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں کہا، ''میں اس فیصلے سے، اس لیے اور بھی مایوس ہوں، کہ آخر دوسری خواتین کے لیے اس کا مطلب کیا ہو گا۔ یہ ایک بڑا دھچکا ہے۔''
انہوں نے مزید کہا، ''یہ تو ایک ایسے وقت کی جانب واپس لے جانے کی بات ہے، جب ایک بے باک خاتون کی عوامی سطح پر تذلیل کی جا سکتی ہو۔ یہ اس خیال کے لیے بھی ایک بڑا دھچکاہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔''
ایک دوسرے کے خلاف مقدمات
معروف اداکار جانی ڈیپ کی سابق اہلیہ نے اخبار واشنگٹن پوسٹ میں ایک مضمون لکھا تھا جس میں انہوں نے اپنے آپ کو ایسی عورت کے طور پر بیان کیا جس کے ساتھ، ''گھر میں بدسلوکی کی جاتی تھی۔'' ڈیپ نے اسی پر ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا اور پچاس لاکھ ڈالر کا مطالبہ کیا۔
جیوری نے اپنے فیصلے میں یہ بات تسلیم کہ مضمون کے اس حصے سے جانی ڈیپ کی بدنامی ہوئی ہے، جس میں لکھا تھا: ''میں نے جنسی تشدد کے خلاف آواز اٹھائی اور اپنے ہی کلچر کے غصے کا سامنا کرنا پڑا۔ اسے تبدیل ہونا چاہیے۔''
اس حوالے سے ججوں نے ہرڈ کے تین جوابی دعووں میں سے دو کو مسترد کر دیا۔ تاہم انہوں نے ان کی یہ بات تسلیم کی کہ ڈیپ کے وکیل نے میڈیا کو جو یہ بات بتائی کہ دونوں میں مبینہ ایک لڑائی کے بعد پولیس کو دکھانے کے لیے ہرڈ نے املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
اس کے مطابق پولیس کو دکھانے کے لیے، ''ایمبر ہرڈ اور ان کے دوستوں نے تھوڑی سی شراب پھینکی اور پھر اس جگہ کو خراب کرنے کی کوشش کی اور اپنی ایسی کہانیوں کی تشہیر کے لیے ایک وکیل کی ہدایت پر عمل کیا۔''
کیس کی وجہ سے دونوں متاثر
چھ ہفتے تک چلنے والے اس مقدمے کی سماعت کے دوران ہالی ووڈ کے دونوں ستاروں نے اپنی دو سالہ شادی سے پہلے اور اس کے دوران ایک دوسرے پر بدسلوکی کرنے کا الزام لگایا۔
ہرڈ نے عدالت میں گواہی دی کہ ڈیپ نے انہیں ایک درجن سے زیادہ مرتبہ جسمانی یا جنسی طور پر ہراساں کیا۔ تاہم ڈیپ نے اس کی تردید کی اور کہا کہ در اصل وہی ان کے تعلقات میں پرتشدد ہونے کا سبب تھیں۔
سات افراد پر مشتمل سول جیوری نے تین دنوں میں اس پر تقریباً 12 گھنٹوں تک بحث کی۔ اس مقدمے کی سماعت کو سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں نے دیکھا اور ٹیلیویژن پر براہ راست نشر بھی ہوئی۔
ص ز/ ج ا (اے پی، روئٹرز)