1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اختلاف رائے ہے مگر تعلقات مستحکم ہیں، جرمن روس مذاکرات

20 جولائی 2011

گزشتہ روز ہینوور میں جرمنی اور روس کی مابین حکومتی سطح پر ہونے والے مذاکرات اختتام پذیر ہو گئے۔ دونوں ممالک کے مابین اپنی نوعیت کے اس تیرہویں اجلاس کے دوران 15معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

https://p.dw.com/p/1209H
تصویر: dapd

حکومتی سطح پر ہونے والی جرمن روسی مشاورت میں چانسلر میرکل اور روسی صدر دیمتری میدویدیف نے دیگر موضوعات کے علاوہ شام کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ساتھ ہی جرمن چانسلر نے روس میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی بات کی۔ ابھی حال ہی میں جرمنی کی ایک انجمن نے روسی وزیر اعظم ولادی میر پوٹن کوکواڈریگا پرائز دینےکا اعلان کیا تاہم بعد میں اس فیصلےکو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ روسی صدر نے اس واقعے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی فیصلہ کر لیا جائے تو اس پر عمل بھی کرنا چاہیے۔ ورنہ اسے بزدلی اور غیر مستقل مزاجی کہا جاتا ہے۔ ’’میرے خیال میں پرائز نہ دینےکے فیصلے کے بعد اب بین الاقوامی برادری کے لیے اِس اعزاز کی کوئی اہمیت نہیں رہی ہے‘‘۔

Russland Deutschland Konsultation
دونوں ممالک کے مابین اپنی نوعیت کا یہ تیرہویں اجلاس تھاتصویر: picture alliance/dpa

ماضی میں یہ انعام پانے والی متعدد شخصیات نے انسانی حقوق کی صورت حال کے تناظر میں روسی وزیراعظم ولادی میر پوٹن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ساتھ ہی یہ انعام دینے والی انجمن کے متعدد سرکردہ عہدیدار اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مستعفی ہو گئے تھے۔ تاہم روسی صدر کے اس احتجاج سے قطع نظر ہینوور میں بات چیت کا ماحول بہت خوشگوار رہا۔

برلن حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ 2022ء تک جوہری توانائی پر انحصار مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ اسی وجہ سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے روسی گیس میں خاصی دلچسپی ظاہر کی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے دونوں ممالک کے مابین طے پانے والے پندرہ معاہدوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ چانسلر میرکل نےکہا کہ مستقبل میں جرمنی کے لیے روسی گیس کی ضرورت مزید بڑھ جائےگی۔ میرکل کے بقول جوہری توانائی سے دستبردار ہونے کے بعد اُن ٹیکنالوجیز کی ضرورت بڑھ جائے گی، جو عبوری عرصے کے دوران توانائی کے حصول کے لیے استعمال میں لائی جائیں گی۔’’ اس حوالے سے روس ہمیں جتنی سستی گیس فراہم کرے گا، ہم اتنی ہی زیادہ اُس سے خریدیں گے‘‘۔

Deutsch-Russischen Regierungskonsultationen
مسائل تر یہ لیکن تعلقات مستحکم ہیں، جرمن چانسلر میرکل اور روسی صدر میدویدیفتصویر: dapd

دونوں رہنماؤں نے فیصلہ کیا ہےکہ سیاسی معاملات پر بات چیت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ روسی صدر نےکہا کہ ان کی حکومت شام کے خلاف اقوام متحدہ کی قراردار کی حمایت کرنے پر رضامند نہیں ہے۔ اس موقع پر میدویدیف اور میرکل دونوں نےکہا کہ اس معاملے میں افہام و تفہیم کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے حکومتی سطح پر ہونے والی اس مشاورت کو پائیدار اور مثبت قرار دیا۔ چانسلر میرکل اور روسی صدر میدویدیف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہیں۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں