آسٹریلیا نے پہلے وَن ڈے میں پاکستان کو شکست دے دی
8 اکتوبر 2014شارجہ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچپس رنز بنائے۔ اسٹیون اسمتھ نے ایک سو اٹھارہ گیندوں میں ایک سو ایک رنز بنائے۔
خیال رہے کہ اسمتھ گزشتہ اڑتیس وَن میچز کے دوران نصف سینچری اسکور کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔ تاہم پاکستان کے خلاف اس میچ میں انہوں نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سینچری بنا ڈالی۔
پاکستان کے شاہد آفریدی نے چھیالیس رنز دے کر تین وکٹیں لیں۔ اس شکست کے باوجود یہ بات اہم رہی ہے کہ آفریدی گزشتہ چھ وَن ڈے میچز میں کوئی بھی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے۔
پاکستان نے گلین میکسویل کو آؤٹ کرنے کے دو مواقع ضائع کیے۔ ایک مرتبہ وکٹ کیپر احمد نے ایک آسان چھوڑ دیا جبکہ دوسری مرتبہ شہزاد بھی ایک کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔ تاہم پاکستان کے لیے یہ غلطیاں زیادہ نقصان دہ ثابت نہیں ہوئیں اور میکسویل جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم سینتیسویں اوور میں ایک سو باسٹھ کے رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کے گیند بازوں کے آگے پاکستانی بلے بازو کی ایک نہ چلی۔ مچل جانسن نے چوبیس رنز دیتے ہوئے تین وکٹیں لیں جبکہ نیتھین لیون نے تینتیس رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی عمر اکمل رہے۔ انہوں نے چھیالیس رنز بنائے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انہیں اپنے ساتھی بلے بازوں کی کوئی خاص معاونت حاصل نہ ہو سکی۔ لیون نے سرفراز احمد اور کپتان مصباح الحق کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر دیا۔
جانسن نے اپنے دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد کو نشانہ بنایا اور بعدازاں اسد شفیق کو بھی آؤٹ کیا۔ یوں پاکستان نے چار رنز بناتے بناتے تین وکٹیں گنوا دیں۔ اس وقت تک پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر تریسٹھ رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کے نئے بولر سین ایبٹ نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کیا۔ یہ ان کے کیریئر کی پہلی وکٹ تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان کے اسپنر سعید اجمل معطل ہیں جبکہ محمد حفیظ زخمی ہونے کے باعث میچ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ اس سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل اتوار کو ابوظہبی میں ہو گا۔