1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ: ’اسرائیل پر حملے کی قیمت چکانا ہو گی‘، جنگ کا ایک سال

کشور مصطفیٰ8 جولائی 2015

غزہ پٹی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین گزشتہ موسم گرما کی تباہ کُن جنگ کا آغاز آٹھ جولائی کو ہوا تھا۔ دریں اثناء جنگ بندی پر عملدرآمد تو جاری ہے تاہم اس جنگ کا سبب بننے والے بہت سے مسائل ہنوز حل طلب ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Fuzw
تصویر: Reuters

اس جنگ میں غزہ پٹی کے رہائشیوں کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ دو ہزار دو سو اکیاون فلسطینی ہلاک ہوئے تھے، جن میں 500 سے زائد بچے بھی شامل تھے۔ اس دوران 73 اسرائیلی بھی مارے گئے تھے، جن میں 67 اسرائیلی فوجی بھی شامل تھے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے گزشتہ ماہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں اس 50 روزہ جنگ میں اسرائیل اور فلسطینیوں دونوں کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ اس جنگ کے نتیجے میں 1.8 ملین کی آبادی والے غربت زدہ علاقےغزہ پٹی میں ایک لاکھ سے زیادہ شہری بے گھر ہو گئے تھے۔

گزشتہ چھ سالوں کے دوران غزہ میں ہونے والی یہ تیسری جنگ تھی، جو اب تک اس علاقے میں ہونے والی تمام جنگوں میں سب سے زیادہ تباہ کُن ثابت ہوئی۔ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی UNRWA کے غزہ آپریشن کے ڈائریکٹر رابرٹ ٹرنر کے بقول، ’’یہ امر ناقابل فراموش ہے کہ غزہ پٹی سے تعلق رکھنے والا ایک سات سالہ بچہ اپنی زندگی میں تین جنگیں دیکھ چُکا ہے‘‘۔

Gaza Zerstörung 14.08.2014
غزہ کا بیشتر علاقہ تباہ ہو چُکا ہےتصویر: Getty Images

بُدھ آٹھہ جولائی کو غزہ پر حکمرانی کرنے والی اسلامی تحریک حماس نے تازہ ترین فلسطین اسرائیل جنگ کا ایک سال مکمل ہونے کی مناسبت سے یادگاری تقاریب کا منصوبہ بنا رکھا ہے جبکہ اسرائیل نے گزشتہ پیر ہی کو اس جنگ میں ہلاک ہونے والے اپنے 73 افراد کی یاد میں تقاریب کا انعقاد کیا تھا۔ اس موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنی فوجی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا، ’’میں اسرائیل کے تمام دشمنوں، حزب اللہ، حماس، ایران اور ’اسلامک اسٹیٹ‘ (آئی ایس) سے کہے دیتا ہوں کہ جس نے بھی ہمارے عوام پر حملہ کیا، اُسے اس کی قیمت اپنے خون کی صورت میں چکانا ہو گی‘‘۔

غزہ کے آس پاس کی موجودہ صورتحال سے یہ خوف پیدا ہو گیا ہے کہ اس علاقے میں دوبارہ جنگ چھڑنی والی ہے۔ اب بھی کبھی کبھار اسرائیل پر راکٹ حملے ہو تے ہیں جس کا جواب اسرائیل فضائی حملوں سے دیتا ہے۔

جنگ کے خاتمے کے بعد سے فائر بندی کو برقرار رکھنے اور غزہ کے علاقے کی اسرائیلی ناکہ بندی میں نرمی پیدا کرنے سے متعلق بالواسطہ بات چیت ہوتی رہی ہے تاہم مستقبل قریب میں کسی معاہدے کے طے پانے کے آثار نہیں ہیں۔

Nahostkonflikt Israel Palaestina Gazastreifen 09.08.2014
راکٹ حملوں اور بمباری کا سلسلہ جاری ہےتصویر: imago/Eibner Europa

جنگ سے تباہ حال غزہ پٹی میں تعمیر نو کا کام بھی سست روی کا شکار ہے۔ اس کی ایک اہم وجہ بین الاقوامی ڈونرز کی طرف سے مالی امداد کی کمی ہے۔ غزہ میں گزشتہ برس کی جنگ کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ یا شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والے اٹھارہ ہزار گھروں کی دوبارہ تعیمر کا کام رُکا ہوا ہے۔

حماس اور فلسطینی صدر محمود عباس کی قیادت والی فلسطینی اتھارٹی کے مابین پھوٹ کے سبب حالات مزید پیچیدہ اور بدتر ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ غرب اُردن پر حکمرانی کرنے والی فلسطینی اتھارٹی اور غزہ پٹی کے تحفظ کے لیے لڑنے والی حماس تحریک کے مابین پائے جانے والی خلیج کو پاٹنے اور کسی مفاہمت تک پہنچنے کی کوششیں اب تک ناکام رہی ہیں۔