1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گیزی پارک خالی کرا لیا گیا

16 جون 2013

ترک پولیس نے ہفتے کے دن کارروائی کرتے ہوئے استنبول کے تقسیم اسکوائر کے قریب واقع گیزی پارک میں دھرنا دیے ہوئے مظاہرین کو وہاں سے باہر نکال دیا ہے۔ تاہم مظاہرین نے اپنا احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/18qet
تصویر: Reuters

امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے استنبول سے موصول ہونے والی اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس نے اس پارک کو خالی کرانے کے لیے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کے شیل اور تیز دھار پانی برسانے کے علاوہ ربر کی گولیاں بھی چلائیں۔ گیزی پارک اور تقسیم اسکوائر کی تعمیر نو کے حکومتی فیصلے کے خلاف شروع ہونے والے اس احتجاج کا سلسلہ اکتیس مئی کو شروع ہوا، جو آہستہ آہستہ ملک بھر میں پھیل گیا تھا۔

Taksim Platz Gezi Park Istanbul Türkei Räumung
تصویر: Reuters

حکومت مخالف مظاہرین کو گیزی پارک سے باہر نکالنے کی خاطر کیے گئے اس آپریشن سے قبل وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے خبردار کیا تھا کہ وہاں موجود لوگ دھرنا ختم کر دیں ورنہ ’سکیورٹی فورسز جانتی ہیں کہ اس مقام کو کیسے خالی کرایا جا سکتا ہے‘۔

ایردوآن کے دس سالہ دور اقتدار کے دوران ان کی پالیسیوں کے خلاف ہونے والے یہ سب سے بڑے مظاہرے قرار دیے جا رہے ہیں۔ اگرچہ یہ مظاہرے گیزی پارک کے چھ سو درختوں کی کٹائی کے فیصلے کے خلاف شروع ہوئے تھے تاہم بعدازاں مظاہرین نے یہ الزام بھی عائد کرنا شروع کر دیا کہ اسلام پسند وزیر اعظم اپنی پالیسیوں کے اطلاق کے لیے ’مطلق العنان‘ انداز اختیار کیے ہوئے ہیں۔

نیوز ایجنسی اے پی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ پارک کو خالی کرانے کے ساتھ ہی وہاں بلڈوزر پہنچ گئے، جنہوں نے وہاں نصب خیموں اور دیگر سامان کو وہاں سے صاف کرتے ہوئے پارک پر اپنا قبضہ جما لیا۔ اس موقع پر مظاہرین کی طرف کوئی خاص مزاحمت دیکھنے میں نہ آئی۔

’مظاہرے جاری رہیں گے‘

ہفتے کے دن کی اس کارروائی کے باوجود گیزی پارک میں مظاہروں کا انعقاد کرنے والے ایک نمائندہ گروہ ’تقسیم اتحاد‘ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ استنبول میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن کہہ چکے ہیں کہ گیزی پارک اور تقسیم اسکوائر کی متنازعہ تعمیر نو کے حوالے سے ملکی عدالت فیصلہ کرے گی یا پھر اس حوالے سے ریفرنڈم میں بھی کرایا جا سکتا ہے۔

pro-Erdogan Kundgebung in Ankara Türkei AKP
وزیر اعظم رجب طیب ایردوآنتصویر: Reuters

ہفتے کے دن اس تقسیم اتحاد نامی گروہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کسی بھی ناانصافی یا کسی بھی غیر قانونی عمل کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی۔

2011ء کے انتخابات میں تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے والے پارٹی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ کے سربراہ رجب طیب ایردوآن نے ہفتے کے دن انقرہ کے نواحی علاقے سنکان میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام میں بڑے پیمانے پر پائے جانے والی اپنی حمایت کی بنا پر اس منصوبے کی حمایت نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس حوالے سے عدالت کا فیصلہ ان کے لیے بھی حتمی ہو گا۔ گیزی پارک میں کارروائی سے قبل ان کا کہنا تھا، ’’میں واضح انداز میں کہتا ہوں کہ تقسیم اسکوائر کو خالی کر دیا جانا چاہیے، اگر یہ نہیں ہوتا تو ملکی سکیورٹی فورسز جانتی ہیں کہ اسے کیسے خالی کرایا جا سکتا ہے۔‘‘

آج بروز اتوار استنبول میں ایردوآن کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی ایک ریلی نکال رہی ہے۔ ایردوآن کا کہنا ہے کہ یہ ریلی حکومت مخالف مظاہروں کے جوابی ردعمل کے طور پر نہیں نکالی جا رہی ہے بلکہ یہ علاقائی انتخابات کی ابتدائی مہم کا حصہ ہے۔

ab/zb (AFP, AP)