یورپی فٹ بال چیمپئن شپ: جرمنی بمقابلہ کروشیا
12 جون 2008گروپ بی کا اہم ترین میچ کل بروز جمعرات آسٹریا کے شہر کلاگن فُرٹ میں کھیلا جائے گا۔ اِسی شہر کے Worthersee Stadium میں جرمن فٹ بال ٹیم نے اپنےپہلے میچ میں پولینڈکو دو گول سے شکست دی تھی۔
کروشیا کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ اُس کےاہم کھلاڑی Luka Modric اپنے ٹخنےکی چوٹ سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ اِس بات کے امکان ہیں کہ جرمنی کی ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔وہی ٹیم میدان میں اُترے گی جس نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کا عندیہ جرمن فٹ بال ٹیم کےکوچ Joachim Loew اور کپتان مشائیل بالاک نے بھی دیا ہے۔ اُن کے مطابق غیر ضروری تبدیلیوں سے جیتنے والی ٹیم کا رِدھم خراب اور متاثر ہوتا ہے۔
جرمنی کے سبک رفتار فارورڈ یا حملہ آور کھلاڑیوں پوڈولسکی اور کلوزے کی موجودگی میں امکاناً کروشیا کی ٹیم دفاعی کھیل پر انحصار کرے گی۔ دونوں ٹیمیں اپنا اپنا پہلا میچ جیت کر تین تین پوائنٹ حاصل کر چکی ہیں۔
اِس سے قبل جرمنی اور کروشیا کی فٹ بال ٹیمیں سات بار مدِ مقابل ہو چکی ہیں۔ جرمنی کو پانچ مرتبہ جبکہ ایک میں کروشیا کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ ان مقابلوں میں ایک میچ برابررہا ۔ کروشیا کو جرمنی پر فتح سن اُنیس اٹھانوے کےورلڈ کپ کےکوارٹر فائنل میں حاصل ہوئی تھی۔