1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل میچ آج ہو گا

23 جون 2013

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی زیر نگرانی انگلستان میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل میچ آج اتوار کے روز کھیلا جا رہا ہے۔ بھارت اور میزبان انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ برمنگھم شہر کے ایجبیسٹن میدان پر ہو گا۔

https://p.dw.com/p/18uXp
تصویر: Lakruvan Wanniarachchi/AFP/GettyImages

مبصرین کے اندازوں کے مطابق گروپ اے اور گروپ بی کی دو مضبوط ٹیمیں اس وقت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ یہ ٹیمیں بھارت اور انگلینڈ کی ہیں۔ برمنگھم میں کھیلے جانے والے فائنل میچ کے ایمپائر سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور آسٹریلیا کے روڈنی ٹَکر ہیں۔ پاکستان کے ایلیٹ امپائر علیم ڈار کو متبادل امپائر کے طور پر رکھا گیا ہے۔ سیمی فائنل مرحلے میں انگلستان نے جنوبی افریقہ اور بھارت نے سری لنکا کو باآسانی شکست سے دوچار کیا تھا۔

Indien Cricket Team Ankunft Johannesburg Südafrika
بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونیتصویر: AP

برمنگھم کے ایجبیسٹن میدان پر کھیلے جانے والے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کی مضبوط بیٹنگ لائن کو متوازن بولنگ کا سامنا ہے۔ انگلستان کے تجربہ کار فاسٹ بولروں کرِس براڈ، جیمز اینڈرسن اور ٹم بریزنین کو قدرے فوقیت حاصل ہے۔ بھارتی ٹیم میں بھی فاسٹ بولر بھوینشور کمار اور ایشانت شرما ان دنوں عمدہ بولنگ کروا رہے ہیں۔ بھارتی آل راؤنڈر روی جڈیجہ اسپن بولر ہیں اور بوقت ضرورت بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں۔ انگلستان کے اسپنر گریم سوان بھی میچ کا نقشہ تبدیل کرنے والے بولر تصور کیے جاتے ہیں۔

Flash-Galerie Cricket Alastair Cook
انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹیئر کُکتصویر: AP

بیٹنگ میں دونوں ٹیموں کے پاس چند بہترین نام ہیں۔ بھارتی ٹیم میں بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اوپننگ بیٹسمین شیکھر دھون کا آج کل بہت چرچا ہے۔ وہ چیمپیئنز ٹرافی کے تمام میچوں میں اسکور کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ وہ دو سینچریاں اور ایک نصف سینچری بنا چکے ہیں۔ ان کے علاوہ سریش رائنا، ویرات کوہلی، دنیش کارتِک اور کپتان مہندر سنگھ دھونی کے نام قابل ذکر ہیں۔ میزبان انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان الیسٹیئر کُک خاص طور پر نمایاں ہیں۔ وہ ٹیسٹ اور محدود اوورز کے میچوں میں زور دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے علاوہ جوناتھن ٹراٹ، ایان بیل، اوئن مورگن، روی بوپارا اور اُبھرتے ہوئے بیٹسمین جو رُوٹ انگلش بیٹنگ لائن اپ میں نمایاں ہیں۔

انگلستان میں آج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیمپیئنز ٹرافی کا بھی اختتام ہو جائے گا۔ اِس کا آغاز سن 1998 میں ہوا تھا۔ کرکٹ کے نگران ادارے نے اس کی جگہ انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ چیمپیئنز شپ کو متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ اس نئی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل سن 2017 میں کھیلا جائے گا۔ اکتیس دسمبر سن 2016 کو انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ رینکنگ کی ٹاپ چار ٹیمیں ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالبیفائی کریں گی۔ ان چاروں ٹیموں کے درمیان تین سیمی فائنل کھیلے جائیں گے اور اور دو ٹاپ ٹیمیں فائنل میچ کھیلیں گی۔ اس کا ابھی تک تعین نہیں کیا جا سکا کہ ٹیسٹ چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل میچ اور تین سیمی فائنل میچ کس ملک میں کھیلے جائیں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل