1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: لاہوری منڈے کے ہاتھوں پاکستان کی شکست

شامل شمس31 اکتوبر 2013

لاہور میں پیدا ہونے والے جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر نے پاکستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ون ڈے جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

https://p.dw.com/p/1A9MB
(Photo by Teaukura Moetaua/Getty Images)
تصویر: Getty Images

لاہوری منڈے عمران طاہر نے بدھ کے روز شارجہ میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لیے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پینتالیس رنز کے عوض تین وکیٹیں لے کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ یوں معلوم ہوتا تھا کہ پاکستان یہ ون ڈے جیت جائے گا مگر عمران طاہر نے پاکستان کی یہ خواہش پوری نہ ہونے دی۔ پاکستان کی تیزی سے گرنے والی آخری چھ وکٹوں میں سے تین عمران طاہر نے لیں۔

میچ انتہائی ڈرامائی رہا اور جنوبی افریقہ یہ میچ صرف ایک رن سے ہی جیت پایا۔ پہلی اننگز میں پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو صرف ایک سو تراسی کے اسکور پر ڈھیر کر دیا۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ویئن پارنیل نے چھپن رنز اسکور کیے اور جنوبی افریقہ کو ایک سو تراسی کے اسکور تک پہنچنے میں مدد دی۔ پاکستانی بولر سعید اجمل نے تیس رنز دے کر چار اور شاہد آفریدی نے سینتیس رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کو ایک آسان ہدف کا سامنا تھا۔ پانچ ون ڈے میچوں کی اس سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی جیت کے امکانات احمد شہزاد کی اچھی بیٹنگ کے بعد روشن ہو گئے تھے۔ شہزاد نے بانوے گیندیں کھیلتے ہوئے اٹھاون رنز بنائے۔ تاہم ان کی اس اننگز پر اس وقت پانی پھر گیا جب پاکستان نے چھ وکٹیں سترہ رنز کے اندر اندر گنوا دیں۔

عمران طاہر کا میچ میں فتح کے بعد کہنا تھا، ’’یہ میری زندگی کا بہترین میچ تھا۔ میں اپنے ساتھیوں سے کہہ رہا تھا کہ آج نہ جانے میں کس طرح سو پاؤں گا۔‘‘

اس سیریز کا اگلا میچ جمعے روز دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں