1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل بھارت کے نام

24 جون 2013

انگلینڈ کی میزبانی میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل میچ بھارت نے پانچ رنز سے جیت لیا۔ بارش کی وجہ سے میچ بیس بیس اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/18umw
تصویر: AP

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیمپیئنز ٹرافی کا باب اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ آخری چیمپیئنز ٹرافی کو بھارت نے جیت لیا ہے۔ دو سال قبل بھارتی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ کو بھی جیتنے کا اعزاز رکھتی ہے۔ کرکٹ کی چیمپیئنز ٹرافی کی جگہ اب ٹیسٹ کرکٹ چیمپئنز ٹرافی کو متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اس نئے ٹورنامنٹ کا فائنل میچ سن 2017 میں کھیلا جائے گا۔

اتوار کے روز برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ پر بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش سے متاثر ہوا۔ مسلسل بارش کی وجہ سے امپائرز نے فائنل میچ کو بیس بیس اوورز تک محدود کر دیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بیس اوورز میں بھارتی ٹیم صرف 129 رنز بنا سکی۔ اس دوران اس کی سات وکٹیں گر گئیں۔ بھارت کی جانب سے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے شیکھر دھون، ویرات کوہلی اور روی جڈیجا نے بھارتی اسکور کو بہتر بنایا، کوئی اور کھلاڑی ڈبل فِگر نہ بنا سکا۔ جڈیجہ کی اننگز خاص طور پر اہم رہی۔ وہ 33 رنز بنا سکے۔

بظاہر یہ کوئی بہت بڑا اسکور نہیں تھا لیکن انگلینڈ کی ٹیم میچ کے آخری لمحات میں نروس ہو گئی اور بیس اوورز میں صرف 124 رنز بنا سکی۔ میچ کے دوران ایک وقت ایسا بھی تھا کہ انگلش ٹیم کو سولہ گیندوں پر بیس رنز درکار تھے لیکن ایسے میں اس کی مسلسل چار وکٹیں گر گئیں۔ اٹھارہویں اور انیسویں اوورز میں دو دو وکٹیں گریں اور انگلش ٹیم ہدف سے دو رہی۔ میچ کی آخری گیند پر چھ رنز درکار تھے لیکن انگلش بیٹسمین ٹریڈ ویل چھکا لگانے میں ناکام رہے۔

Flash-Galerie Cricket Alastair Cook
تصویر: AP

گزشتہ روز انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان الیسٹئر کُک نے اُمید ظاہر کی کہ اس میچ میں جیت کے ذریعے وہ وَن ڈے مقابلوں میں اپنی ٹیم کی 38 سالہ بدقسمتی کا رُخ موڑ دیں گے لیکن یہ خواب محض پانچ رنز سے دور رہا۔ انگلینڈ کی ٹیم اب تک کرکٹ کے ورلڈ کپ کے تین فائنل میچ کھیل چکی ہے لیکن سبھی میں اسے ناکامی کا سامنا رہا۔ انگلش ٹیم نے آخری مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل میچ سن 1992 میں پاکستان سے ہارا تھا۔

چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میچ کی فاتح ٹیم کو دو ملین امریکی ڈالر کا انعام دیا گیا۔ ہارنے والی ٹیم ایک ملین ڈالر کی حقدار ٹھہری۔ فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی روی جڈیجا کو قرار دیا گیا۔ انہوں نے بیٹنگ کرتے ہوئے تینتیس رنز اور پھر انگلش ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھارت کے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے نئے افتتاحی بیٹسمین شیکھر دھون رہے۔ وہ ہر میچ میں اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ اس ٹورنامنٹ میں وہ دو سینچریاں بنانے میں بھی کامیاب ہوئے تھے۔

ah/ng(AFP)