1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ: بارسلونا کے ہاتھوں لیورکوزن کو شکست

15 فروری 2012

یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ، چیمپیئنز لیگ کے ایک میچ میں ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا نے جرمن کلب بائر لیورکوزن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/143NX
تصویر: dapd

جرمنی کے شہر لیورکوزن میں کھیلے گیا چیمپیئنز لیگ کا یہ میچ سخت سردی اور بارش میں کھیلا گیا۔ یہ میچ چیمپیئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل کا ’فرسٹ لیگ‘ یا پہلا حصہ تھا۔ اگلا حصہ بارسلونا میں کھیلا جائے گا۔ ایک دلچسپ مقابلے کے بعد بارسلونا کی ٹیم لیورکوزن کے خلاف تین گول کرنے میں کامیاب رہی۔ لیورکوزن صرف ایک گول کر سکی۔

بارسلونا ہسپانوی فٹ بال لیگ یا لا لیگا میں اس سیزن میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہی ہے۔ چند روز قبل وہ لیگ کا ایک میچ اوساسونا کی ٹیم سے ہار گئی تھی۔ چیمپیئنز لیگ میں فتح اس کے لیے انتہائی اہم تھی کیونکہ وہ چیمپیئنز لیگ میں بارسلونا کے باہر کھیلے گئے میچوں میں کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھا پائی تھی۔ تاہم منگل کی شب کھیلے گئے اس میچ میں الیکسز سانچیز اور لیونیل میسی کی شاندار کارکردگی کی بدولت میچ بارسلونا کے نام رہا۔

Champions League 2011 / 2012 Achtelfinale Bayer 04 Leverkusen gegen FC Barcelona
میشائل کاڈلچ نے لیورکوزن کی طرف سے واحد گول کیاتصویر: picture-alliance/dpa

میچ کا پہلا گول سانچیز نے میچ کے اکتالیسویں منٹ میں کیا۔ یہ گول میسی کی جانب سے دیے گئے ایک اٹھتے ہوئے عمدہ پاس کو اسی عمدگی کے ساتھ گول میں ڈالنے کا نتیجہ تھا۔ دوسرے ہاف کا کھیل زیادہ دلچسپ رہا اور اس میں تین گول ہوئے۔ دوسرے ہاف میں لیورکوزن نے میچ برابر کرنے کے لیے بارسلونا کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ لیورکوزن کے میشائل کاڈلچ نے گول کر کے لیورکوزن کو بارسلونا کے برابر لا کھڑا کیا۔

میچ میں مجموعی طور پر بال ایف سی بارسلونا کے پاس رہی۔ دوسرے ہاف میں بارسلونا کی طرف سے دوسرا گول بھی سانچیز نے کیا۔ دو ایک سے برتری کے بعد بارسلونا کی پوزیشن خاصی مستحکم دکھائی دینے لگی۔ لیورکوزن نے گول کرنے کی متعدد کوششیں کیں مگر وہ ناکام رہیں۔ بارسلونا کی جانب سے تیسرا گول لیو میسی نے کیا۔ وہ چیمپیئنز لیگ میں اب تک دس گول کر کے سر فہرست ہو چکے ہیں۔

پری کوارٹر فائنل کا دوسرا حصہ کیمپ نو بارسلونا میں کھیلا جائے گا۔ فٹ بال کے ماہرین کی رائے ہے کہ لیورکوزن کے لیے کیمپ نو میں بارسلونا کو تین گول کے مارجن سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنانا آسان نہ ہوگا۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل