چیمپئینز لیگ فٹ بال: مانچسٹر نے آرسنل کو ہرا دیا
30 اپریل 2009اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے اس میچ کا واحد گول مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی جان اوشیا نے کیا اور یہی گول آخر میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔ اس میچ میں مانچسٹر کے دفاعی کھلاڑی فیرڈینانڈ پسلی پر لگنے والی چوٹ کی وجہ سے زخمی بھی ہوگئے اور میچ کے بعد انہیں طبی معائنے کے لئے ہسپتال لے جانا پڑ گیا۔
انہی دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا سیمی فائنل اگلے منگل کے روز Emirates سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پہلے سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد نفسیاتی طور پر مانچسٹر کی ٹیم کی آرسنل لندن کے مقابلے میں پوزیشن کا فی بہتر ہے اور دنیا کے امیر ترین فٹ بال کلبوں میں شمار ہونے والے اس انگلش کلب کی ٹیم کے چیمپئینز لیگ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی قدرے زیادہ ہو گئے ہیں۔
قبل ازیں چیمپئینز لیگ ہی کے ایک سیمی فائنل مقابلےمیں منگل کی رات بارسلونا میں انگلش کلب چیلسی کا ہسپانوی ٹیم بارسلونا کے خلاف میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ چیلسی نے بارسلونا کے خلاف کھیلتے ہوئے، جو اپنے جارحانہ انداز کے لئے مشہور ہے اور جس کے مقابلے میں موجودہ سیزن کے دوران بہت کم ٹیمیں خود کو ناکامی سے محفوظ رکھ سکیں، بڑے نپے تلے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔
ان دونوں ٹیموں کے مابین دوسرے سیمی فائنل میچ میں بارسلونا کی ٹیم چیلسی کے ہوم گراؤنڈ پر اس کی مہمان ہو گی۔
بارسلونا میں چیلسی کے خلاف میچ کے دوران مقامی ٹیم کے سرکردہ دفاعی کھلاڑی اور میکسسیکو سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ فٹ بالر رافائل مارکیز دوسرے ہاف کے شروع میں بائیں گھٹنے پر چوٹ لگنے کی وجہ بری طرح زخمی ہو گئے تھے۔