1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يونس خان چيمپئنز ٹرافی کے ليے پاکستانی ٹيم سے خارج

1 اپریل 2013

پچھلے کچھ عرصے کے دوران ايک روزہ ميچوں ميں ناقص کارکردگی کے پيش نظر مڈل آرڈر بيٹسمين يونس خان کو آٹھ ملکی چيمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ليے اعلان کردہ تيس رکنی ٹيم سے خارج کر ديا گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/187Wo
تصویر: Tariq Saeed

پاکستانی کرکٹ ٹيم کے چيف سليکٹر اقبال قاسم نے خبر رساں ادارے اے ايف پی سے بات چيت کے دوران بتايا، ’’يونس خان کو ٹيم ميں شامل اس ليے نہيں کيا گيا کيونکہ پچھلے چند ميچوں ميں ان کی بيٹنگ کچھ زيادہ خاص نہيں رہی ہے۔‘‘ سابق کھلاڑی اقبال قاسم کے بقول چيمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے ليے اعلان کردہ پاکستانی ٹيم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑيوں پر مشتمل ہے۔ اتوار کے روز اعلان کردہ تيس رکنی ٹيم ميں آل راؤنڈر عبدالرزاق کو بھی شامل نہيں کيا گيا ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی ذرائع ابلاغ ميں ايسی رپورٹيں بھی گردش کر تی رہی ہیں کہ يونس خان بين الاقوامی ايک روزہ کرکٹ سے ريٹائرمنٹ کے بارے ميں بھی غور کر رہے ہيں۔ تاہم يونس خان کے ايک قريبی ذرائع کی جانب سے ايسی رپورٹوں کو مسترد کر ديا گيا ہے۔

يونس خان نے 253 ايک روزہ ميچوں ميں 7014 رنز بنا رکھے ہيں
يونس خان نے 253 ايک روزہ ميچوں ميں 7014 رنز بنا رکھے ہيںتصویر: AP

پينتيس سالہ يونس خان رواں مہينے کے آغاز ميں جنوبی افريقہ کے خلاف کھيلی گئی ايک روزہ سيريز ميں صرف 116 رنز اسکور کر پائے تھے۔ جنوبی افريقہ کی ميزبانی ميں کھيلی گئی اس سيريز ميں ميزبان ٹيم نے مہمان ٹيم کو تين ميچ ہرائے جبکہ مہمان ٹيم دو ميچ جيت سکی۔ يونس خان نومبر 2008ء سے ايک روزہ کرکٹ ميں کوئی بھی سنچری اسکور کرنے ميں ناکام رہے ہيں۔ انہيں پچھلے سال متحدہ عرب امارات ميں آسٹريليا کے خلاف کھيلی گئی سيريز کے ليے بھی ٹيم سے ڈراپ کر ديا گيا تھا۔ بعد ازاں روايتی حريف بھارت کے خلاف دسمبر ميں کھيلی گئی سيريز کے ليے انہيں دوبارہ ٹيم ميں شامل کر ليا گيا تھا۔

يونس خان نے قريب تيرہ سال قبل ايک روزہ کرکٹ کا آغاز کيا تھا اور وہ اب تک پاکستان کی قومی کرکٹ ٹيم کے ليے 253 ايک روزہ ميچ کھيل چکے ہيں۔ ان ميں انہوں نے مجموعی طور پر 7014 رنز بنا رکھے ہيں۔

مڈل آرڈر بيٹسمين يونس خان نے سن 2009ء ميں انگلينڈ ميں کھيلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ميں پاکستانی کرکٹ ٹيم کو فتح سے ہمکنار کرانے کے بعد ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خيرباد کہہ ديا تھا۔

چيمپئنز ٹرافی 2013ء انگلينڈ ميں تين تا تيئس جون کھيلی جائے گی۔ اس ٹورنامنٹ ميں پاکستان گروپ بی ميں شامل ہے، جس ميں روايتی حريف بھارت، ويسٹ انڈيز اور جنوبی افريقہ بھی ہيں۔ گروپ اے ميں دفاعی چيمپئن آسٹريليا سميت انگلينڈ، سری لنکا اور نيوزی لينڈ کی ٹيميں شامل ہيں۔ پاکستانی ٹيم اس ٹورنامنٹ ميں اپنا افتتاحی ميچ ويسٹ انڈيز کے خلاف سات جون کو کھيلے گی جبکہ جنوبی افريقہ کے خلاف ميچ دس جون کو اور بھارت کے خلاف پندرہ جون کو کھيلا جائے گا۔

ab/ia (AFP)