1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں کورونا کی وبا کنٹرول میں ہے، وزیر صحت

17 اپریل 2020

جرمن وزیر صحت نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں وبائی صورت حال پریشان کن نہیں ہے۔‍‍‍‍‍‍‍‍‍ ان کے مطابق وائرس سے صحت مند ہونے والے افراد کی تعداد حوصلہ افزاء ہے۔

https://p.dw.com/p/3b3ac
Deutschland Corona-Pandemie | Hotspot Heinsberg | AWO Altenzentrum
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Güttler

جرمنی میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے پھیلنے والی بیماری کووڈ انیس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی کی تصدیق ملکی وزیر صحت ژینس شپہان نے کی ہے۔ جمعہ سترہ اپریل کو شپہان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیماری سے صحت مند ہونے والے افراد کی تعداد اُن سے زیادہ ہے جنہیں وائرس اپنی گرفت میں لے رہا ہے۔

جرمن وزیر صحت پہلے ہی یہ بتا چکے ہیں کہ وائرس کی ٹریسنگ کی ایپ عوام کے لیے اگلے تین سے چار ہفتوں میں عام کر دی جائے گی اور یہ بھی ایک عام انسان کو صحت کے معاملے میں مدد کرے گی۔ انہوں یہ بھی کہا کہ وفاقی اور ریاستی حکومتوں نے اس ایپ کے رضاکارانہ استعمال کی حمایت کی ہے۔ شپہان کے مطابق اس ایپ کے استعمال سے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مزید محدود کرنے میں مدد ملے گی۔

جرمن وزیر صحت نے ملکی نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو بتایا کہ ایپ کی تیاری میں ڈیویلپرز بہت ہی جانفشانی سے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شپہان نے یہ بھی بتایا کے ایپ کے اندر کسی بھی شخص کے ذاتی کوائف مخفی اور محفوظ رکھنے کو انتہائی بہتر انداز میں مکمل کیا جائے گا۔

دوسری جانب بعض ذرائع نے شناخت مخفی رکھتے ہوئے بتایا ہے کے وائرولوجی کے جرمن قومی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کا بھی کورونا وائرس ٹریسنگ ایپ تیار ہو چکا ہے۔ اس ایپ کا آزمائشی عمل جاری ہے۔ وائرس کی ٹریسنگ ایپ کو نقل و حمل کی پابندیوں میں واضح کمی کے بعد ہی پبلک کے لیے عام کیا جائے گا۔

اس ایپ کو دیگر یورپی ممالک میں ٹریسنگ ایپ کے ساتھ بھی منسلک کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس طرح یورپ کے سبھی ممالک ایسے ایپ سے مستفید ہو سکیں گے۔ یہ ایپ شناخت اور ذاتی کوائف محفوظ رکھنے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے۔

قبل ازیں بدھ پندرہ اپریل کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے نافذ شدہ لاک ڈاؤن میں بعض معمولی سی تبدیلیاں لانے کے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ ان کے مطابق اسکولوں اور چھوٹی دوکانیں چار مئی سے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے میرکل نے بھی کہا تھا کے کورونا وائرس کی وبا قابو میں ہے۔ چانسلر نے واضح کیا کہ وبا کے ہھیلنے کے ایام میں کسی بھی وقت ملکی ہیلتھ کیئر نظام کو غیر معمولی بوجھ کا سامنا نہیں رہا اور یہ اطمینان بخش ہے۔


ع ح ، ع ت (روئٹرز)