1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی برازیل کو روندتے ہوئے فائنل میں جا پہنچا

ندیم گِل9 جولائی 2014

جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں برازیل کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ مہمان ٹیم نے پے درپے گول کر کے میزبان ٹیم کو سکتّے میں ڈال دیا اور بالآخر ایک کے مقابلے میں سات گول سے فاتح رہی۔

https://p.dw.com/p/1CYRB
تصویر: Reuters

فیفا ورلڈ کپ کے ایک سیمی فائنل کے لیے جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں منگل کو میدان میں اتریں۔ برازیل کو ہوم گراؤنڈ کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ اسٹیڈیم میں موجود اس کے ہزاروں مداح روتے ہی رہ گئے۔

جرمنی نے میچ شروع ہوتے ہی ایک گول کر دیا تھا اور آدھے گھنٹے کا کھیل مکمل ہونے سے پہلے ہی برازیل کے خلاف چار گول ہو چکے تھے۔

جرمنی نے پہلے ہاف میں پانچ گول کیے جبکہ دوسرے ہاف میں دو مزید گول کیے۔ پہلے چار میں سے تین گول محض تین منٹ ميں ہوئے۔

تھوماس میولر نے کھیل کے گیارہویں منٹ میں گول کیا، کلوزے نے چوبیسویں منٹ میں جبکہ ٹونی کروس نے بھی چوبیسویں اور چھبیسویں منٹ میں دو گول داغ دیے۔ اس کے بعد کھیل کے انتیسویں منٹ میں سامی خدیرا جبکہ کھیل کے انہترویں اور اناسویں منٹ میں آندرے شیورلے نے دو گول کیے۔

برازیل کے مداحوں کے چہروں پر بے یقینی کے آثار نمایاں دیکھے جا سکتے تھے جیسے وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آخر ہو کیا رہا ہے۔

Fußball WM 2014 Halbfinale Deutschland Brasilien Fans
برازیل کے مداح روتے ہی رہ گئےتصویر: Reuters

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق برازیل کی ٹیم کو محض جرمنی کی طاقتور ٹیم کے ہاتھوں شکست ہی نہیں ہوئی بلکہ وہ پوری دُنیا کے سامنے رسوا ہو گئی ہے۔ برازیل کے لیے فٹ بال ورلڈ کپ کی اس کی تاریخ کی یہ بدترین شکست ہے۔

برازیل کے اسٹار کھلاڑی نیمار زخمی ہونے کی وجہ سے یہ میچ نہیں کھیل سکے جبکہ کپتان تھیاگو سلوا بھی ایک میچ کی پابندی کی وجہ سے موجود نہیں تھے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے جلد ہی یہ بات واضح ہو گئی تھی کہ برازیل کی ٹیم جرمن کھلاڑیوں کا سامنا نہیں کر پائے گی۔

اس جیت نے تو جرمن کھلاڑیوں کو بھی حیران کر دیا ہے۔ جرمن اسٹار تھوماس میولر نے تسلیم کیا ہے کہ برازیل کے خلاف سات ایک کی جیت سے وہ بھی سکتّے میں رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’اس کی توقع نہیں تھی۔ سچی بات تو یہ ہے کہ میں یہ سجھنے سے قاصر ہوں کہ آخر کہوں کیا۔‘‘

برازیل کے گول کیپر جولیو سیزر کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کی یہ شکست غیر متوقع ہی نہیں بلکہ ناقابلِ وضاحت بھی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ایمانداری کی بات تو یہ ہے کہ اس کی وضاحت بہت مشکل ہے۔ آپ کسی ایسی بات کی وضاحت کر ہی نہیں سکتے جو ناقابلِ وضاحت ہو۔‘‘

فٹ بال ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو ہو گا جس میں جرمنی ارجنٹائن یا ہالینڈ کا سامنا کرے گا۔ جرمنی فاتح رہا تو یہ اس کا چوتھا ورلڈ کپ ہو گا۔