1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کپ: سیمی فائنل مرحلے میں

9 فروری 2012

جرمنی میں قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے علاوہ جرمن کپ بھی ایک اہم ٹورنامنٹ تصور کیا جاتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں مختلف لیول کی پانچ درجن سے زائد ٹیمیں ناک آؤٹ بنیاد پر حصہ لیتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/13zus
بائرن میونخ کھلاڑی گول کرنے کے بعدتصویر: picture alliance/GES-Sportfoto

جرمن کپ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں بڑا اپ سیٹ ہوفن ہائیم فٹ بال کلب کی شکست ہے۔ ہوفن ہائیم کی ٹیم سیکنڈ ڈویژن میں کھیلنے والی ٹیم گروئتھر فوئرتھ (Greuther Fuerth) سے ایک گول سے ہاری۔ یہ گول میچ کے پہلے ہاف میں کیا گیا اور ہوفن ہائیم کی ٹیم گول برابر کرنے سے قاصر رہی۔ یہ گول کھیل کے 44 ویں منٹ میں اوشن نامی کھلاڑی نے کیا۔ ہوفن ہائیم کی ٹیم بنڈس لیگا کے فرسٹ لیول میں کھیلتی ہے۔

Hertha BSC - Borussia Mönchengladbach
مؤنشن گلاڈ باخ اور ہیرتھا کے میچ میں ریفری سرخ کارڈ دکھاتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن کپ کا ایک کوارٹر فائنل منگل کے روز کھیلا گیا تھا۔ اس میں بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ نے ہولشٹائن کیل کو چار گول سے ہرایا تھا۔ بقیہ تین کوارٹر فائنل بدھ کے روز کھیلے گئے۔ ان میں برلن شہر کے فٹ بال کلب ہیرتھا کو مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم نے دو گول سے شکست دی۔ میچ کے دونوں ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہے۔ مؤنشن گلاڈ باخ کی جانب سے دونوں گول اضافی وقت میں کیے گئے۔

جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ نے بھی جرمن کپ کے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ بائرن میونخ نے اشٹٹ گارٹ کلب کو دو گول سے ہرایا۔ بائرن میونخ کی جانب سے یہ گول فرینک ریبری اور ماریو گومیز نے کیے۔ میونخ کا فٹ بال کلب اب تک پندرہ مرتبہ جرمن کپ جیت چکا ہے۔

DFB-Pokal - 1899 Hoffenheim - Greuther Fürth
گروئتھر فوئرتھ کے کھلاڑی گول کرنے کے بعدتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن کپ میں کل 64 ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ ان میں 36 ٹیمیں بنڈس لیگا لیول ون اور ٹو کی شامل ہوتی ہیں۔ جب کہ درجہ سوم کی ٹاپ چار ٹیموں کےعلاوہ اکیس ٹیمیں مختلف علاقائی لیول کی ہوتی ہیں۔ تین اور ٹیمیں ٹاپ علاقائی فٹ بال ایسوسی ایشن کی ہوتی ہیں۔ ان ٹیموں کو بتیس بتیس کے دو گروپ میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔ سن 1985 سے جرمن کپ کا فائنل میچ دارالحکومت برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا جاتا ہے۔ اس برس فائنل بارہ مئی کو شیڈیول کیا گیا ہے جبکہ سیمی فائنل میچ مارچ کی بیس تاریخ کو کھیلیں جائیں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ