1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: دوسرا میچ ڈے

2 ستمبر 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے رواں سیزن کے دوسرے میچ ڈے کے دوسرے دن چھ میچ کھیلے گئے۔ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اپنا میچ صرف برابر رکھ سکی۔ بائرن میونخ آج اپنا میچ کھیل رہی ہے۔ اس وقت ڈورٹمنڈ کو چوتھی پوزیشن حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/1627c
تصویر: Reuters

اس کی توقع کی جا رہی تھی کہ ڈورٹمنڈ دوسرے میچ ڈے میں نیورمبرگ کے خلاف اپنا میچ جیت جائے گی لیکن نیورمبرگ کی ٹیم نے سب اندازے غلط ثابت کر دیے اور ڈورٹمنڈ کو میچ جیتنے سے محروم رکھا۔ اس طرح میچ برابر رہنے کی صورت میں دفاعی چیمپئن کو دو قیمتی پوائنٹس کا نقصان ہوا۔ دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کر سکیں۔ پہلے ہاف کے اکتیسویں منٹ میں نیورمبرگ کو برتری حاصل ہوئی۔ یہ گول چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی ٹوماس پیک ہارٹ (TOMAS PEKHART) نے کیا۔ نیورمبرگ کی ٹیم نے اس گول کا اگلے 55 منٹ تک مضبوطی سے دفاع کیا۔ بڑی مشکل سے ڈورٹمنڈ کے پولستانی مِڈ فیلڈر ژاقوب بلاسشیکووسکی (JAKUB BLASZCZYKOWSKI) نے گول کر کے میچ کو برابر کیا۔ آج اتوار کے روز کھیلے جانے والے دو میچوں کے بعد ڈورٹمنڈ کی پوزیشن مزید نیچے جا سکتی ہے۔

1. FC Nürnberg - Borussia Dortmund Tomas Pekhart
دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اپنا میچ صرف برابر رکھ سکیتصویر: Reuters

بنڈس لیگا میں ہفتے کے روز سب سے دلچسپ میچ دوسرے لیول سے ترقی پا کر قومی چیمپئن شپ کھیلنے والی ٹیم آئنٹراخٹ فرینکفرٹ اور ہوفن ہائم کے درمیان کھیلا گیا۔ فرینکفرٹ کی ٹیم نے ہوفن ہائم کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر ایک طرح کا اپ سیٹ کر دیا۔ اس شکست کے بعد ہوفن ہائم کی ٹیم بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نچلے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ آئنٹراخٹ کی ٹیم نے اس بڑی کامیابی سے لیگ ٹیبل پر پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ یہ یقینی طور پر ایک حیران کن پوزیشن ہے۔ دونوں میچ ڈے کے دوران شیڈیول دونوں میچ جیت کر اس کے چھ پوائنٹس ہیں۔

1899 Hoffenheim - Eintracht Frankfurt
ہوفن ہائم کا ایک کھلاڑی میچ ہارنے کے بعد منہ چھپائے ہوئےتصویر: picture alliance / dpa

دوسرے لیول سے ترقی حاصل کرنے والی فورٹونا ڈسلڈورف نے اپنا میچ موئنشن گلاڈباخ کے خلاف برابر کھیلا۔ دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ اس طرح اب اس کے چار پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ دوسرے لیول سے قومی سطح پر پہنچنے والی ایک اور ٹیم گروئتھر فُوئرتھ کی ہے۔ یہ ٹیم پہلے میچ ڈے میں میچ ہار گئی تھی لیکن دوسرے میچ ڈے میں اس نے مائنز کلب کو ایک گول سے ہرا کر صحیح معنوں میں اپ سیٹ کیا تھا۔ اس طرح اب تک سیکنڈ لیول سے ٹاپ لیول میں پہنچنے والی تینوں ٹیموں کی کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے۔ ہفتے کے روز شالکے، لیور کوزن اور ویردر بریمن کی ٹیمیں بھی اپنے اپنے میچ جیت گئی تھیں۔

آج بائرن میونخ کی ٹیم کا میچ شٹٹ گارٹ کے ساتھ ہے۔ ان دنوں شٹٹ گارٹ کی ٹیم خراب حالوں میں ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ بائرن میونخ کی ٹیم کو جیتنے میں بڑی مشکل کا سامنا نہیں ہو گا۔ اس میچ میں بائرن میونخ کی ٹیم کم از کم تین گول کی برتری سے کامیابی کے بعد ہی وہ لیگ ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہو سکے گی۔ اتوار کے روز دوسرا میچ وولفس برگ اور ہینوور کے درمیان کھیلا جائے گا۔

(ah/sks (dpa