1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بليک برن روورز‘ اول درجے کی ٹيموں سے خارج

11 مئی 2012

سن 1995ميں انگلش پريميئر ليگ کی فاتح بليک برن روورز رواں سيزن ميں اول درجے کی فٹ بال ٹيموں کی فہرست سے خارج ہونے کے بعد ايک مشکل دور سے گزر رہی ہے ليکن کلب انتظاميہ مستقبل کے ليے پر اميد ہے۔

https://p.dw.com/p/14tkq
تصویر: Fotolia/Val Thoermer

رواں ہفتے کے آغاز ميں پریمیئر لیگ فٹ بال مقابلوں میں ويگن ايتھليٹک کے ہاتھوں صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے شکست کے بعد بليک برن روورز کی ’ريليگيشن‘ يقينی ہو گئی۔ يعنی اب يہ ٹيم انگلش فٹ بال ليگ کی کامياب ترين بيس ٹيموں ميں شامل نہيں ہے اور اسی ليے اگلے سيزن ميں بليک برن روورز کو دوسرے درجے کی ٹيموں کے ساتھ کھيلنا پڑے گا۔ يہی وجہ ہے کہ کلب کے بھارتی نژاد مالکان اگلے سيزن کے ليے متعدد تبديلياں کرنے کے بارے ميں سوچ رہے ہيں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کلب کے مالکانہ حقوق کے حامل خاندان کے ايک رکن بی بالاجی راؤ حاليہ ناقص کارکردگی کے باوجود مستقبل کے ليے مثبت اميد رکھتے ہيں۔ کلب ميں ڈائريکٹر کے طور پر کام کرنے والے راؤ نے ايک بھارتی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا، ’ہم يقيناً ريليگيشن کی توقع نہيں رکھتے تھے۔ ميرے ليے ميری والدہ کی وفات کی خبر کے بعد یہ سب سے زيادہ مايوس کن اور افسردہ کرنے والی خبر تھی‘۔ البتہ بی بالاجی راؤ نے مستقبل ميں اول درجے کی ليگ ميں واپسی کا عہد کر رکھا ہے اور ان کا دعوی ہے کہ اگلے ماہ متعارف کروائی جانے والی تبديليوں کے بعد يہ کلب ايک مرتبہ پھر اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کر لے گا۔

بليک برن روورز کے ڈائريکٹر راؤ نے ٹيم کے مينيجر اسٹيو کين کے مستقبل سے متعلق بات کرنے سے انکار کر ديا۔ انہوں نے مزيد بتايا کہ اگرچہ وہ حاليہ نتائج کے بعد ٹيم ميں شامل کھلاڑيوں کو ٹيم چھوڑنے سے روک نہيں سکتے تاہم 80 فيصد کھلاڑی کلب ميں رہ کر اگلے سيزن بہتر کھيل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پريميئر ليگ کی سيڑھی چڑھنے کی کوشش کريں گے۔

واضح رہے کہ نومبر 2010 ميں سينتيس ملين ڈالر خرچ کرتے ہوئے بھارت سے تعلق رکھنے والے اس خاندان نے بليک برن روورز کی ٹيم کو خريدا تھا، جس کے بعد سے ٹيم کی کارکردگی مسلسل گرتی ہی چلی گئی۔ خبر ايجنسی کے مطابق بھارتی نژاد مالکان کی شہرت ابھی ايک خاص معيار تک نہيں پہنچ پائی ہے۔

as/ai(Reuters)