1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائرن میونخ پہلی پوزیشن سے محروم

5 فروری 2012

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے بیسویں میچ ڈے کے دوران بائرن میونخ اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہو گئی ہے۔ اب پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/13xHZ
تصویر: dapd

بیسویں میچ ڈے کے دوران ہفتے کو بائرن میونخ اور ہیمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یوں بائرن کی ٹیم کو محض ایک پوائنٹ حاصل ہو سکا اور اس کے پوائنٹس اکتالیس ہو گئے۔

قبل ازیں اس میچ ڈے کے پہلے روز جمعے کو کھیلے گئے واحد میچ میں ڈورٹمنڈ نے نیورمبرگ کو ہرا کر اپنے پوائنٹس تینتالیس کر لیے تھے۔ یوں اس وقت یہ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ٹیم ہے اور کم از کم آئندہ میچ ڈے تک یہ پوزیشن اسی ٹیم کو حاصل رہے گی۔

یہ بات اس لیے بھی یقینی ہے کہ تیسرے نمبر کی ٹیم شالکے بھی اپنا اس میچ ڈے کا کھیل جیت نہیں پائی ہے۔ ہفتے ہی کو شالکے کا سامنا مائنز سے ہوا، یہ میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یوں شالکے کو بھی ایک ہی پوائنٹ حاصل ہوا اور اس نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی۔

ہفتے کے دیگر میچز میں وولفس برگ اور مؤنشن گلاڈ باخ کا مقابلہ صفر صفر سے برابر رہا۔ ہوفن ہائیم اور آؤگس برگ کا میچ بھی دو دو گول سے برابر رہا۔ ہینوور نے ہیرتھا برلن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔ لیور کوزن اور شٹٹ گارٹ کی ٹیمیں بھی دو دو گول ہی اسکور کرسکیں اور یوں ان کا میچ بھی برابری پر ختم ہوا۔

اتوار کو بیسویں میچ ڈے کے دو آخری میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں فرائی برگ کا سامنا بریمن سے ہو گا جبکہ کولون کی ٹیم کائزرزلاؤٹرن کے مدِ مقابل ہو گی۔

1. Bundesliga 1. FC Nürnberg - Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ کے کھلاڑیتصویر: dapd

پوائنٹس ٹیبل:

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم ہے اور اس کے پوائنٹس تینتالیس ہیں۔ اکتالیس پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ کی ٹیم ہے جبکہ تیسرا نمبر شالکے کی ٹیم کے پاس ہے۔ شالکے کے پوائنٹس بھی اکتالیس ہی ہیں۔ مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم نے چالیس پوائنٹس کے ساتھ اپنی چوتھی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ لیورکوزن اکتیس پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ترقی پا گئی ہے جبکہ بریمن یہ پوزیشن کھوتے ہوئے اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ نیچے یعنی چھٹے نمبر پر پہنچی ہے۔ تیس پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہینوور ہے۔ ہوفن ہائیم اور وولفس برگ چوبیس چوبیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔ دسواں نمبر شٹٹ گارٹ کو حاصل ہے اور اس کے پوائنٹس تئیس ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان