UEFA کپ فٹ بال: ہیمبرگ کی بریمن پر فتح
1 مئی 2009شمالی جرمنی ہی کے کلب Werder Bremen کی کافی مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم کو ہرا کر ہیمبرگ کی ٹیم نے ان مقابلوں کے فائنل تک پہنچنے کے لئے اپنے امکانات کافی بہتر بنا لئے ہیں۔
ہیمبرگ کی طرف سے اس میچ کا واحد گول پیوٹر تروخوفسکی نے کھیل کے 28 ویں منٹ میں کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان UEFA کپ کے دو سیمی فائنل میچوں میں سے یہ پہلا مقابلہ بریمن میں ہوا جہاں ہیمبرگ کی ٹیم بریمن کے ہوم گراؤنڈ پر اس کی مہمان تھی۔
اگلے ہفتہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں بریمن کی ٹیم اپنے ہوم ٹاؤن سے سو کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر Hamburger SV کی میزبانی میں کھیلے گی۔
شمالی جرمن سے تعلق رکھنے والی فٹ بال کی یہ دونوں بڑی ٹیمیں ایک دوسرے کے روایتی حریف کی حیثیت رکھتی ہیں، ان کے مابین کھیلے جانے والے میچ شمالی ڈربی کہلاتے ہیں اور ابھی گذشتہ ہفتہ ہی فٹ بال کے جرمن کپ مقابلوں کے ایک سیمی فائنل میں بریمن نے بھی ہیمبرگ کو ہرا دیا تھا۔
یہی دونوں ٹیمیں جرمنی میں فٹ بال کی بنڈیس لیگا کہلانے والی فیڈرل لیگ چیمپئین شپ میں بھی اس دوسرے کی حریف ہیں جہاں موجودہ سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر اب تک ہیمبرگ کی ٹیم پانچویں اور بریمن کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔
جمعرات کی رات بریمن کے خلاف کامیابی کے بعد ہیمبرگ کے کوچ مارٹن ژول نے کہا کہ میچ کے پہلے ہاف میں ان کی ٹیم بہت اچھا کھیلی لیکن دوسرے ہاف میں بریمن نے مقابلتہ بہتر کھیل پیش کیا تاہم ہیمبرگ کے کھلاڑیوں نے انہیں کوئی گول نہیں کرنے دیا۔
امسالہ UEFA کپ مقابلوں کا فائنل 20 مئی کے روز ترکی کے شہر استنبول میں کھیلا جائے گا۔