1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں پھنسے بھارتیوں کی وطن واپسی شروع

جاوید اختر، نئی دہلی
25 جون 2020

کورونا کی وجہ سے لاک ڈاون کے سبب پاکستان میں پھنس جانے والے بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ آج شروع ہورہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3eIuo
Pakistan Wagah
تصویر: AP

پاکستان میں پھنسے 748 بھارتیوں میں سے 250 آج بھارت واپس لوٹ رہے ہیں جبکہ بقیہ لوگوں کے اگلے دو دنوں میں واپس لوٹنے کی امید ہے۔ یہ لوگ مختلف ضروریات کے تحت پاکستان گئے تھے لیکن مارچ میں لاک ڈاون نافذ ہوجانے کے بعد وہاں پھنس گئے تھے۔

حالانکہ بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق پہلے ان بھارتی شہریوں کو منگل کے روز ہی وطن واپس لوٹنا تھا لیکن بعض اسباب کی بنا پر اس میں تبدیلی کرتے ہوئے یہ سلسلہ آج جمعرات 25 جون سے شروع کیا جارہا ہے۔

ان لوگوں کی واپسی تین مرحلوں میں ہوگی۔  پہلے مرحلے میں جمعرات کے روز 250 لوگ واپس لوٹیں گے جبکہ دیگر 250 افراد جمعہ کے دن اور 248 افراد پر مشتمل تیسرا گروپ سنیچر کے روز واہگہ بارڈر کے راستے بھارت میں داخل ہوگا۔ اس کام کے لیے 25 سے 27 جون تک واہگہ بارڈر کھلا رہے گا۔

بھارتی وزارت داخلہ نے متعلقہ محکموں کو ان بھارتی شہریوں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں۔ حکومت پاکستان نے بھی امیگریشن افسران کو تمام تفصیلات فراہم کردی ہیں تاکہ بھارتی شہریوں کی وطن واپسی میں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔

پاکستان سے واپس لوٹنے کے بعد ان لوگوں کو 14 دنوں تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ ان میں سب سے زیادہ لوگ بھارتی صوبے پنجاب کے رہنے والے ہیں۔ جبکہ کچھ لوگ جموں و کشمیر، ہریانہ اور ہماچل پردیش کے بھی ہیں۔ ان سب کو اپنی اپنی ریاستوں میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

لاک ڈاون کی وجہ سے پاکستان میں پھنس جانے والے بھارتی شہریوں میں سے چند ایک نے ویڈیو پیغام کے ذریعہ جوحالات بتائے ہیں وہ انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ سنگرور ضلع کے ایک بزرگ سنتوکھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ان کا تقریباً تمام پیسہ ختم ہوگیا ہے اور دوائیں بھی ختم ہوچکی ہیں۔ بھارتی شہریوں نے وزیر اعظم نریندر مودی، بھارتی وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ کو پیغام بھیج کر جلد سے جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کرنے کی درخواست کی تھی۔

خیال رہے کہ نریندر مودی حکومت نے بیرونی ملکوں میں پھنسے بھارتی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے سات مئی سے وندے بھارت مشن کے نام سے ایک مہم شروع کررکھی ہے اور ایر انڈیا کے جہازوں کے ذریعہ اب تک ہزاروں بھارتیوں کو واپس لایا جا چکا ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں پھنسے بھارتیوں کو واپس لانا اس کی ترجیحات میں نہیں تھی اور میڈیا میں اس معاملے کا ذکر آنے کے بعد ہی اس نے اس طرف توجہ دی۔

بھارت کے سول ایوی ایشن کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے دو دن قبل ٹوئٹ کرکے بتایا تھا کہ اپنے شہریوں کو وطن واپس لانے کی دنیا کی سب سے بڑی مہم کے تحت اب تک ایک لاکھ 70 ہزار بھارتی شہریوں کو وطن واپس لایا جاچکا ہے۔ لیکن اس میں پاکستان میں پھنسے بھارتی شامل نہیں ہیں۔

دریں اثنا پاکستان بھی نئی دہلی حکومت سے کہا ہے کہ وہ بھارت میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے کے اقدامات کرے۔  اب تک 250 پاکستانی بھارت سے اپنے وطن لوٹ چکے ہیں لیکن مزید پاکستانی بھارتی حکومت کی طرف سے اجازت ملنے کے منتظر ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں