ومبلڈن: سیمی فائنل مرحلے میں
2 جولائی 2009رمبلڈن میں عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کا سیمی فائنل میں مقابلہ جرمنی کے ٹامی ہاس سے ہے۔ جرمن کھلاڑی کی عالمی رینکنگ چوبیسویں ہے۔ وہ امکاناً راجر فیڈرر کو زبردست مقابلہ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسرا سیمی فائيل برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے اور امریکی کھلاڑی راڈک کے درمیان ہو گا۔ مرے کی پرفارمنس آج کا عمدہ چل رہی ہے اور وہ فائنل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ راڈک کے کھیل میں تسلسل کا فقدان رہا ہے۔
فیڈرر نے کوارٹر فائنل میں کروشیا کے کھلاڑی کارلووچ کو تین سیٹ میں شکست دی تھی۔ جب کہ جرمن کھلاڑی ہاس نے سیربیا کے ڈژکووچ کو ہرایا۔ یہ میچ چار سیٹ پر محیط تھا۔ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے ہسپانیہ کے فیریرو کو تین سیٹ میں ہرایا۔ امریکی کھلاڑی راڈک کا مقابلہ آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ سے تھا۔ یہ میچ بھی چار سیٹ تک گیا۔
دینارا سافینا کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن امریکی کھلاڑی وینس ولیمز سے ہوگا۔ گزشتہ روز وینس ولیمز نے ایک اور کوارٹر فائنل میں آگنی ایسکا راڈوانسکا کو با آسانی سیدھے سیٹوں میں چھ ایک اور چھ دو سے ہرایا۔
دینارا سافینا اور جرمن کھلاڑی لیسیکی کے درمیان میچ سافینا کے لیے ابتدائی طور پر سخت ثابت ہوا جب سخت گرمی میں انیس سالہ جرمن کھلاڑی نے سافینا کو پہلے سیٹ میں مشکل سے دوچار کیے رکھا۔ یہ سیٹ جرمن کھلاڑی نے ٹائی بریک پر سات چھ سے جیتا۔ ٹائی بریک میں جرمن کھلاڑی کے سات جب کہ سافینا کے پانچ پوائنٹس تھے۔ دوسرے سیٹ میں سافینا نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور یہ سیٹ وہ چھ چار سے جیت گئیں۔ آخری سیٹ میں جرمن کھلاڑی سافینا کے تجربے اور صلاحیت کا مقابلہ نہ کرسکیں اور وہ یہ سیٹ چھ ایک سے ہار گئیں۔
وینس ولیمز نے اپنے کوارٹر فائنل میں ٹورنامنٹ میں گیارہویں نمبر کی کھلاڑی راڈوانسکا کو بغیر کسی مشکل کے شکست دی۔
دوسری جانب وینس ولیمز کی بہن سیرینا ولیمز نے بھی اپنے کوارٹر فائنل مقابلے میں فتح حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے وکٹوریا آزارینکا کو چھ دو اور چھ تین سے باآسانی ہرا دیا۔ سیرینا ولیمز کا خواتین کے دوسرے سیمی فائنل میں مقابلہ ایلینا دیمینتی ایوا سے ہوگا۔