لندن: پی آئی اے کی پرواز کی جنگی طیاروں کی حفاظت میں لینڈنگ
7 فروری 2017برطانوی دارالحکومت لندن سے منگل سات فروری کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اس پاکستانی مسافر طیارے کو شمال مشرقی لندن میں اسٹین سٹیڈ کے ہوائی اڈے پر اتارنے اور اس کے لیے برطانوی جنگی جیٹ فضا میں بھیجنے کی وجہ یہ اطلاعات بنیں کہ اس ہوائی جہاز میں سوار ایک مسافر بدنظمی پیدا کر رہا تھا۔
پاکستان طیارہ حادثہ: تمام مسافر ہلاک، لاشیں ناقابل شناخت
انگلش کاؤنٹی ایسیکس کی پولیس کے ایک ترجمان نے تاہم یہ بھی کہا کہ بظاہر یہ کوئی ہائی جیکنگ کا واقعہ یا دہشت گردی کے معاملے جیسی صورت حال نہیں ہے لیکن پھر بھی مقامی وقت کے مطابق منگل کی شام تک یہ پاکستان ہوائی جہاز اسٹین سٹیڈ ایئر پورٹ پر ہی کھڑا تھا اور حکام چھان بین کر رہے تھے۔
قبل ازیں منگل کی شام ہی برطانوی وزارت دفاع نے بھی یہ اعلان کیا تھا کہ برٹش ایئر فورس کے ٹائیفون جنگی طیاروں نے ایک مسافر ہوائی جہاز کو، جو لندن میں ہیتھرو ایئر پورٹ کی طرف پرواز پر تھا، فضا میں راستہ بدلنے پر مجبور کرتے ہوئے اپنی حفاظت میں لندن ہی کے اسٹین سٹیڈ ایئر پورٹ پر اتار لیا ہے۔
روئٹرز نے پی آئی اے کے ایک ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ حکام کو کسی نامعلوم شخص نے ایک فون کال کی تھی، جس کے بعد معمول کا طریقہء کار اختیار کرتے ہوئے کنٹرول ٹاور کے ذریعے اس پرواز کا رخ بدل دیا گیا۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی کلیئرنس کے لیے کارروائی جاری ہے اور طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملے کے ارکان خیریت سے ہیں۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق پی آئی اے کی یہ پرواز PK757 پاکستانی شہر لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔