لبنانی علاقوں سے بھی اسرائیل پر راکٹ حملے
8 جنوری 2009اسرائیلی پولیس کے مطابق لبنانی علاقے سے راکٹ حملوں کا یہ سلسلہ ممکنہ طور پر غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائی کا رد عمل ہو سکتا ہے۔ راکٹ حملے کے بعد اسرائیلی نے لبنانی علاقوں پر توپ خانے کی مدد سے بمباری کی۔
اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق لبنانی علاقوں پر یہ بمباری صرف ان جگہوں پر کی گئی جہاں سے راکٹ فائر کئے گئے تھے۔
اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ آیا ان راکٹ حملوں کی ذمہ دارلبنان میں موجود عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ ہے یا نہیں تاہم لبنانی سیکیورٹی حکام کا ماننا ہے کہ یہ کارروائی ممکنہ طور پر حزب اللہ کی ہو سکتی ہے۔ حماس تنظیم کے لبنانی بازو نے ان حملوں میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔
مبصرین لبنانی علاقوں سے ان راکٹ حملوں کو، تیرہ روز سے غزہ پٹی میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائی جس میں اب تک سات سو سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں خطرناک موڑ قرار دے رہے ہیں۔
اسرائیل کے شمالی حصوں میں سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ اعلان سن 2006 میں اس وقت کیا گیا تھا جب حزب اللہ کی جانب سے لبنانی علاقوں سے حماس کی حمایت میں اسرائیل پر راکٹ حملے شروع کئے گئے تھے۔ 2006 میں اسرائیل لبنان جنگ میں سینکڑوں شہری ہلاک ہوئے تھے۔