لا پالما کا آتش فشاں: ایک ہفتے کے بعد بھی لاوا اگل رہا ہے
ہسپانوی جزیرے لا پالما میں واقع آتش فشاں نے دوبارہ لاوا اگلنا شروع کر دیا ہے۔ ایسا خیال کیا گیا تھا کہ اس کا بہتا لاوا بحیرہ روم میں بھی گر سکتا ہے۔ لا پالما جزیرہ شمالی مغربی افریقہ میں واقع کنیری جزائر میں سے ایک ہے۔
آتش فشاں کا بہتا لاوا
آتش فشانوں کے ماہرین نے بتایا تھا کہ لا پالما کے آتش فشاں سے بہتے لاوے کی تہہ بیس فٹ چوڑی تھی اور اس کا درجہ حرارت ایک ہزار سینٹی گریڈ (اٹھارہ سو فارن ہیٹ) سے زائد تھا۔ یہ سات سو میٹر کی بلندی سے سمندر کی جانب بہنا شروع ہوا تھا۔
قریبی علاقے میں تباہی
یورپی یونین کے زمینی آبزرویشن کے ادارے کوپرنیکس پروگرام کے مطابق آتش فشاں سے اب تک ایک سو اسی ہیکٹرز کا علاقہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے۔ کئی علاقوں پر سیاہ راکھ کی موٹی تہیں جم چکی ہیں۔ ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد لا پالما کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا عندیہ بھی دیا۔
آتش فشاں سے دوبارہ لاوا نکلنے کا سلسلہ شروع
سیاحوں کی مقبول منزل خیال کیے جانے والے کنیری جزائر میں سے ایک لا پالما میں واقع کمبرے ویئخا آتش فشاں برسوں سے سُلگ رہا ہے۔ اب اس کے دہانے سے گزشتہ کئی دنوں سے راکھ، دھوئیں اور لاوے کے نکلنے کا سلسہ جاری ہے۔ اس آتش فشاں نے ایک دو دن کے وقفے کے بعد پھر سے جمعہ چوبیس ستمبر سے گہرے سیاہ دھوئیں کے ساتھ ساتھ راکھ اور لاوا اگلنا شروع کر دیا ہے۔
آتش فشاں کا دہانہ آگ اگلتا ہوا
اس آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ سینکڑوں سیاحوں کو بھی دوسرے مقامات کی جانب روانہ کیا گیا ہے۔ کنیری جزائر کے آتش فشانوں پر ریسرچ کرنے والے ادارے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس آتش فشاں سے کھولتا لاوا اگلے چند دنوں تک بہتا رہے گا۔ اس موقع پر شہری امدادی تنظیموں کو بھی چوکس رکھا گیا ہے۔
کئی مکانات اور وسیع جنگلات خاکستر ہو گئے
انتہائی گرم لاوے نے کئی مکانات اور جنگلاتی علاقے کو جلا ڈالا ہے۔ اب تک چھ ہزار سے زائد افراد اور پانچ سو سے زیادہ سیاحوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ شہری انتظامی اہلکاروں نے جمعے کے روز دوبارہ سے آتش فشاں کے پھٹنے پر مزید ایک ہزار افراد کو منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ مالی نقصان کا اندازہ چار سو ملین یورو سے زائد کا لگایا گیا ہے۔
ہزراوں افراد بے چینی کا شکار
لا پالما میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ اس جزیرے پر 83 ہزار کے قریب نفوس بستے ہیں۔ لا پالما جزیرے کے آتش فشاں کا نام کمبرے ویئخا (Cumbre Vieja) ہے۔ اس کے دہانے سے لاوا اتوار انیس ستمبر سے نکلنا شروع ہوا تھا۔ اب جمعے سے کمبرے ویئخا کے دہانے میں نئی دڑاریں پیدا ہوئی ہیں اور امکانی طور پر لاوے کے بہاؤ کا رخ تبدیل ہو سکتا ہے۔
آتش فشاں پھٹنے کا نیا سلسلہ
اس خطرے کے تناظر میں لاپالما جزیرے کے قریبی سمندر میں تمام بحری ٹریفک اور ماہی گیری کی کشتیوں کو ساحل سے دور رکھتے ہوئے متبادل گزرگاہوں کی جانب موڑنے کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے۔ کئی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ کمبرے ویئخا اگلے کئی ایام تک اس طرح فعال رہتے ہوئے لاوا اگلتا رہے گا۔