جرمن فٹ بال چیمپئن شپ : بُنڈس لیگا
1 فروری 2009گزشتہ روز جب چھ ہفتوں کے بعد جرمن بنڈس لیگا کے دوسرے حصے کا آغاز ہوا تو ہیمبرگ کی ٹیم نے ابتدا تو اچھی کی اور میچ جیت کر پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی مگر کیا پتہ تھا کہ پہلے مقام پر ہیمبرگ ٹیم کا قیام چوبیس گھنٹوں سے بھی کم رہے گا اور حسب توقع ہوفن ہائیم کی ٹیم نے ایف سی انرگی کاٹ بُس کی ٹیم کو دو گولوں سے شکست دے کر اپنا کھویا ہوا اعزاز حاصل کر لے گی۔
بات یہیں تک نہیں رُکی بلکہ ہیمبرگ کی ٹیم اب دوسرے نہیں بلکہ تیسری مقام پر پہنچ گئی ہے۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ برلن کی ہیرتھا کلب نے بھی اپنا میچ جیت کر اپنے پوائنٹ کی تعداد چھتیس کر لی۔ بہتر گول اوسط کی بنا پر وہ دوسرے اور ہیمبرگ کی ٹیم کو تیسرے مقام پر رکنا پڑا۔ دفاعی چیمپیئن میونخ اب چوتھی پوزیشن پر ہے۔
ہوفن ہائیم کو ایف سی انرگی کاٹ بُس کے خلاف میچ اپنے گھر میں کھیلنا پڑا اور ایک بڑا ہجوم بھی اُن کے کھیل کے دوران اُن کے ساتھ دے رہا تھا۔ میچ کے دونوں حصوں میں ایک ایک گول کیا گیا۔ اِس کامیابی کے بعد ہوفن ہائیم کے پوائنٹس کی تعداد اڑتیس ہو گئی ہے۔ دوگول کی کامیابی سے ہوفن ہائیم کی ٹییم کی گول اوسط مزید بہتر ہوگئی ہے۔
دوسری میچوں میں ہے نوور نے شالکے ٹیم کو ایک گول سے ہرایا۔ ہفتے کو کھیلے گئے دو میچ ایک ایک گول سے برابر ہیں۔ میچ برابر کھیلنی والی ٹیموں میں بائر لیور کوزن اور ڈارٹ منڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ لیور کوزن کی پوزیشن پانچویں اور ڈارٹ منڈ کی چھٹی ہے۔ کولون کی ٹیم نے اپنی سے بہتر ٹیم وولفز بُرگ کے ساتھ میچ برابر کھیل کر خاصی داد و تحسین اکھٹی کی۔
سُٹٹ گارٹ کی ٹیم نے بھی اپنے میچ میں مؤنشن گلاڈ باخ کی قدرے کمزور ٹیم کو دو گولوں سے شکست دی۔ برلن کی ہیرتھا کلب نے فرینکفرٹ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے ہرایا۔
آج اتوار کو بھی دو میچ شیڈیول ہیں۔ اِس میں شامل ٹیموں کے ہار جیت سے ٹاپ پوزیشن پر بیٹھی ٹیموں کو کوئی پریشانی نہیں ہو گی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن کی حامل ٹیم ، ہوفن ہائیم جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ میں پہلی بار کھیل رہی ہے۔ ٹاپ پوزیشن کی ٹیموں میں اوپر نیچے ہونے کا عمل اب اگلے ویک اینڈ تک مؤخر ہو گیا ہے جب انیسویں دِن کے میچ شروع ہوں گے۔
ہوفن ہائیم کے کھلاڑی Vedad Ibisevic اِس وقت بنڈس لیگا میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹ بالر ہیں۔ اُن کے گولوں کی تعداد اٹھارہ ہے۔