1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی میں داخلی سطح پر تیار کردہ پہلی الیکٹرک کار

28 دسمبر 2019

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ملک میں داخلی سطح پر تیار کردہ پروٹو ٹائپ گاڑی کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی قومی سطح پر کاروں کی تیاری کا وہ خواب پورا ہونے جا رہا ہے، جو ترکی کئی دہائیوں سے دیکھ رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/3VR5H
Die Türkei enthüllt den Prototyp des ersten einheimischen Autos
تصویر: Turkish Presidency/AP/picture-alliance

استنبول کے صنعتی زون میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا، ''آج اس ملک کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ آج ترکی کا وہ خواب سچ ثابت ہو گیا ہے، جو ہمارا ملک گزشتہ ساٹھ برسوں سے دیکھ رہا تھا۔‘‘

ترکی میں کار سازی کے شعبے میں اس وقت دنیا کی بڑی کمپنیاں پیداوار کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں فورڈ، رینالٹ، ٹویوٹا اور ہنڈائی جیسے ادارے شامل ہیں لیکن ان فیکٹریوں میں ترک ملازمین صرف اسمبلنگ کا کام ہی کرتے ہیں۔ کاروں کے ڈیزائن اور پرزہ جات دیگر ممالک میں تیار ہوتے ہیں یا پھر یورپی ممالک سے درآمد کیے جاتے ہیں۔

Die Türkei enthüllt den Prototyp des ersten einheimischen Autos
تصویر: picture-alliance/AA/R. Necati Aslim

ترک صدر کا اس حوالے سے کہنا تھا، ''ہم گزشتہ کئی برسوں سے یہ کہتے آ رہے ہیں کہ ترکی کو اپنی تیار کردہ کاروں کی ضرورت ہے نہ کہ یہاں پر صرف کاروں کو جوڑا جائے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''ترکی ایک ایسا ملک بن چکا ہے، جو نہ صرف نئی ٹیکنالوجیز کی مارکیٹ ہے بلکہ یہ ایک ایسا ملک بھی ہے، جو ایسی ٹیکنالوجیز برآمد بھی کر رہا ہے۔‘‘

اس کے بعد ترک صدر نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں وہ ایک کار چلا کر ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ساتھ یہ بھی لکھا کہ وہ ایسی ایک کار اپنے لیے بھی خریدیں گے۔ ترکی میں 'آٹوموبائل جوائنٹ وینچر گروپ‘ آئندہ پندرہ برسوں میں الیکٹرک کاروں کے پانچ ماڈل تیار کرنا چاہتا ہے۔ اس گروپ میں مجموعی طور پر پانچ کمپنیاں اور ایک بزنس یونین شامل ہیں۔

Die Türkei enthüllt den Prototyp des ersten einheimischen Autos
تصویر: Rasid Necati Aslim/AA/picture-alliance

جمعہ ستائیس دسمبر کو جو دو ماڈل پیش کیے گئے، ان میں سے ایک کا نام الیکٹرک لائٹ  ایس یو وی ہے اور ایک سیڈان ہے۔ منصوبہ بندی کے مطابق یہ کاریں بورصہ شہر میں لگائے گئے یونٹ میں تیار کی جائیں گی۔ یہ ترکی کا چوتھا بڑا شمال مغربی شہر ہے۔ وہاں سن دو ہزار بائیس تک سالانہ ایک لاکھ پچھہتر ہزار گاڑیاں تیار ہوں گی۔

اس منصوبے پر تیرہ برسوں میں کُل 22 بلین لیرا (3.7 بلین ڈالر) خرچ ہوں گے اور چار ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ سرکاری معاہدے کے مطابق حکومت اس کے لیے زمین فراہم کرے گی اور ٹیکسوں میں چھوٹ بھی دے گی۔ سن دو ہزار پینتیس تک اس کمپنی کو سالانہ تیس ہزار کاروں کی خریداری کی گارنٹی بھی دے دی گئی ہے۔

ا ا / م م (اے ایف پی، ڈی پی اے، اے پی)