بھارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک درجن ہلاک
14 اکتوبر 2019بھارت کی گنجان آباد شمالی ریاست اتر پردیش کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک گاؤں میں کھانا پکانے والے گیس سلنڈر کے پھٹنے کے واقعے کی خصوصی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ایک درجن نعشوں اور کئی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بعض افراد جھلسے ہوئے بھی ہیں۔
پولیس کے مطابق گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ اتر پردیش کے ضلع ماؤ کے ایک گاؤں ولید پور میں ہوا۔ گیس کا سلنڈر ایک دو منزلہ عمارت میں پھٹا۔ یہ عمارت سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے زوردار دھماکے کو برداشت نہ کرسکی اور گر گئی۔ منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس اور مقامی افراد کے مطابق عمارت کے گرنے سے کئی افراد ملبے میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا کہ عمارت میں سلنڈر پھٹنے کے بعد آگ نہیں بھڑکی ورنہ ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔
عمارت کا ملبہ ہٹانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی مصروف ہے۔ قریبی مکانات کے افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ نے ولید پور میں سلنڈر پھٹنے اور عمارت کے گرنے کے واقعے کی انکوائری جلد مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ امر اہم ہے کہ بھارت میں غیر محفوظ عمارتوں کی بہتات ہے اور مختلف حالات میں ان کے منہدم ہونے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔ خاص طور پر مون سون کے موسم میں شدید بارشوں کے دوران مخدوش اور کمزور مکانات اور رہائشی عمارتوں کے گرنے کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔
ع ح ⁄ ک م (ڈی پی اے)