1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: مؤنشن گلاڈ باخ کی حیران کن شکست

Imtiaz Ahmad5 مارچ 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ کا چوبیسواں میچ ڈے مکمل ہو گیا ہے۔ اتوار کے روز کھیلے جانے والے میچوں میں پوائنٹس ٹیبل کی تیسری بہترین ٹیم مؤنشن گلاڈ باخ کی شکست کو اپ سیٹ قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/14EuE
تصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم کا مجموعی کھیل خاصا اطمینان بخش تھا۔ اتوار کے روز کھیلے جانے والے دو میچوں میں سے ایک میں پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم مؤنشن گلاڈ باخ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نیورنمبرگ شہر کے کلب کے ساتھ میچ برابری پر ختم ہونے والا تھا کہ اختتام سے تین منٹ قبل سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے البرٹ بُنیاکو (Albert Bunjaku) نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ مؤنشن گلاڈ باخ بقیہ تین منٹوں میں اس برتری کو ختم کرنے کی کوشش میں رہا لیکن شکست اس کا مقدر بنی۔

اتوار کے روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں ہوفن ہائیم کی ٹیم نے کولون شہر کے کلب کے ساتھ میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابر کھیلا۔ چوبیسویں میچ ڈے کی تکمیل پر ہوفن ہائیم دسویں مقام پر ہے اور کولون کی ٹیم چودہویں مقام پر۔ مؤنشن گلاڈ باخ کو ہرانے والا کلب نیورنمبرگ اب نویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔

Bundesliga Hoffenheim - 1. FC Koeln Jubel Compper
ہوفن ہائیم کی ٹیم نے کولون شہر کے کلب کے ساتھ میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابر کھیلاتصویر: dapd

اس سے قبل ہفتے کے روز بنڈس لیگا کے چوبیسویں میچ ڈے میں معروف کلب بائرن میونخ کی شکست بھی میڈیا کا موضوع رہی۔ ریکارڈ ساز بائرن کلب کی یہ مسلسل چھٹی شکست تھی۔ اب ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے پوائنٹس کے درمیان سات پوائنٹس کا فرق پیدا ہو گیا ہے۔ ہفتے کے روز بائرن میونخ کو لیور کوزن کے ہاتھوں دو گول سے ہارنا پڑا۔ لیور کوزن نے دونوں گول دوسرے ہاف میں کیے۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ لیور کوزن کی جانب سے پہلا گول 79 ویں منٹ میں اشٹیفن کیسلنگ نے کیا۔ دوسرا گول میچ کے اختتامی لمحات میں نوجوان فارورڈ کریم بیلاربی نے کیا۔

ہفتے کے روز کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں ڈورٹمنڈ نے مائنز کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے پہلے ہاف میں برتری حاصل کر لی تھی لیکن دوسرے ہاف میں مائنز نے یہ گول برابر کردیا۔ تین منٹ کے بعد دفاعی چیمپئن نے مزید ایک گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ اس طرح ڈورٹمنڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو مزید استحکام دے دیا۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں برلن کے کلب ہیرتھا نے بریمن کو ایک گول سے شکست دی۔ ہیمبرگ کی ٹیم کو اشٹٹ گارٹ سے چار گولوں سے ہارنا پڑا۔ کائزرزلاؤٹرن اور وولفس برگ کی ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ ہینوور اور آؤگس برگ کے درمیان میچ بھی برابر رہا لیکن اس میچ میں دونوں ٹیمیں دو دو گول کرنے میں کامیاب رہیں۔ شالکے کلب کو فرائی برگ سے ایک گول کے فرق سے ہارنا پڑا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس کی تعداد 55 ہے اور اس کی قریب ترین حریف بائرن میونخ کی دوسری پوزیشن ہے، جس کے پوائنٹس 48 ہیں۔ ڈورٹمنڈ کو بائرن پر سات پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے۔ تیسری پوزیشن پر مؤنشن گلاڈباخ کی ٹیم ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 47 ہے۔ نچلی پوزیشنوں پر کائزرزلاؤٹرن اور فرائی برگ ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عابد حسین