1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: شالکے اور بریمن کی کامیابیاں

12 مارچ 2012

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کا پچیسواں میچ ڈے مکمل ہو گیا ہے۔ اتوار کو اس میچ ڈے کے آخری دو مقابلوں میں کامیابی ویردر بریمن اور شالکے کی ٹیموں کے حصے میں آئی۔

https://p.dw.com/p/14JAB
تصویر: dapd

بنڈس لیگا کے پچیسویں میچ ڈے کے آخری دو مقابلے اتوار کو ہوئے۔ پہلے مقابلے میں ویردر بریمن کی ٹیم نے ہینوور کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے مات دے دی۔ ہینوور کو ابتداء میں بریمن پر حاوی ہونے کے کئی مواقع ملے، تاہم اس کے کھلاڑی فائدہ نہ اٹھا سکے۔

بریمن کی جانب سے پہلا گول کلاڈیو پیزارو نے کھیل کے اکتیسویں منٹ میں کیا۔ دوسرا گول انچاسویں منٹ میں سباستیان پروئڈل نے کیا جبکہ اگلے سات منٹ میں ایک اور گول ہوا، جس کے بعد ہینوور کو کھیل میں لوٹنے کا موقع نہ مل سکا۔

بعدازاں ہینوور کے کوچ میرکو سلومکا نے کہا: ’میں خوفزدہ تھا کہ پیزارو کے لیے ایک ہی موقع بہت ہو گا اور ایسا ہی ہوا‘۔

دوسری جانب پیرو کے پیزارو کے لیے اس میچ میں جیت کے باوجود جو چیز مشکل بن سکتی ہے وہ یہ ہے کہ کھیل کے دوران انہیں ہینوور کے کھلاڑی عمانوئیل پوگاٹیٹس کو تھپڑ مارتے دیکھا گیا۔

انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’میں ان کا ہاتھ دُور ہٹانے کی کوشش کر رہا تھا۔ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ میں نے ان سے بعد میں معذرت کی ہے‘۔

Fußball, 1. Bundesliga, Saison 2011/2012, 25. Spieltag, Werder Bremen - Hannover 96
بریمن نے ہینوور کو شکست دیتصویر: dapd

اس میچ ڈے کے آخری کھیل میں شالکے نے ہیمبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے پچھاڑ دیا۔ شالکے کے کوچ ہُب اسٹیونز کا کہنا ہے: ’میرا خیال ہے کہ ہیمبرگ کے کھلاڑیوں نے ہم سے اچھا کھیل پیش کیا، لیکن ہم نے ملنے والے مواقع استعمال کیے‘۔

شالکے کے لیے ہوم گراؤنڈ پر ہیمبرگ کے خلاف 2004ء کے بعد یہ پہلی فتح تھی۔ قبل ازیں ہفتے کو بائرن میونخ نے ہوفن ہائم کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر نہ صرف اپنی پوزیشن مستحکم بنا لی تھی بلکہ یہ ٹیم دفاعی چیمپئن اور پوائنٹس ٹیبل پر اول نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ کے لیے بھی خطرہ بن گئی ہے۔

اس میچ ڈے کے ا‌ختتام پر بائرن اور ڈورٹمنڈ کے درمیان پانچ پوائنٹس کا فاصلہ ہے۔ تاہم ڈورٹمنڈ آئندہ میچز میں کامیابی سے بائرن کو مسلسل دُور رکھنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک